نائب صدر نے اے آئی سمٹ میں مودی کی تقریر کی ستائش کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-02-2026
نائب صدر نے اے آئی سمٹ میں مودی کی تقریر کی ستائش کی
نائب صدر نے اے آئی سمٹ میں مودی کی تقریر کی ستائش کی

 



نئی دہلی
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے جمعرات کو کہا کہ یہاں منعقدہ ’انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا خطاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تئیں ملک کے دوراندیش اور ذمہ دارانہ نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی جانب سے پیش کی گئی ’مانَو‘ کی تصوراتی سوچ ٹیکنالوجی کی ترقی کے مرکز میں انسانیت کو رکھتی ہے۔ نائب صدر نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جدت، شمولیت اور اخلاقی حکمرانی کے ذریعے چلنے والی مصنوعی ذہانت میں ہندوستان کی پیش رفت ملک کو اس انقلابی ٹیکنالوجی کے مستقبل کی تشکیل میں ایک عالمی رہنما کے طور پر قائم کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم مودی نے مصنوعی ذہانت کو شمولیت اور بااختیار بنانے کے ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ انسان محض ’ڈیٹا‘ پوائنٹ یا خام مال بن کر نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت حقیقی معنوں میں دنیا کی بھلائی کے لیے تبھی کارآمد ہوگی جب اسے سب کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ مودی نے زور دے کر کہا کہ ملک اے آئی سے خوفزدہ نہیں ہے بلکہ اس میں مستقبل کے امکانات اور منصوبے دیکھتا ہے۔
رادھا کرشنن نے کہا کہ رسائی، جوابدہی اور عالمی تعاون پر زور دینے سے یہ یقینی بنتا ہے کہ اے آئی اجتماعی ترقی اور فلاح و بہبود کی ایک طاقت بن جائے۔
انہوں نے کہا كہ مجھے یقین ہے کہ اس دوراندیش نقطۂ نظر کے تحت مصنوعی ذہانت بااختیار بنانے، جدت اور پائیدار ترقی کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر کام کرے گی، جس سے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کو فائدہ ہوگا۔