نئی دہلی
وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن اگلے بحریہ سربراہ ہوں گے۔وائس ایڈمرل سوامی ناتھن موجودہ بحریہ سربراہ ایڈمرل دنیش کمار ترپاٹھی کی جگہ لیں گے، جو 31 مئی کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔
وائس ایڈمرل سوامی ناتھن اس وقت مغربی بحریہ کمان کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔وزارتِ دفاع نے بتایا کہ حکومت نے وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن کو بحریہ سربراہ مقرر کیا ہے۔
فلیگ آفیسر یکم جولائی 1987 کو ہندوستانی بحریہ میں شامل ہوئے تھے اور وہ مواصلات اور الیکٹرانک جنگی حکمتِ عملی کے ماہر ہیں۔وہ کھڑکواسلا میں واقع نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، برطانیہ کے شریوینہم میں واقع ‘جوائنٹ سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج’، کارنجا میں واقع بحریہ جنگی کالج اور نیوپورٹ میں واقع ‘یو ایس نیول وار کالج’ کے سابق طالب علم رہ چکے ہیں۔
پرم وششٹ سیوا پدک، اتی وششٹ سیوا پدک اور وششٹ سیوا پدک سے سرفراز ایڈمرل نے اپنے بحری کیریئر میں آپریشن، اسٹاف اور تربیت سے متعلق کئی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
انہوں نے میزائل بردار جہاز آئی این ایس ودیوت اور آئی این ایس وناش، میزائل کارویٹ آئی این ایس کولش، گائیڈیڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس میسور اور طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرمادتیہ کی کمان بھی سنبھالی ہے۔