ژی جن پنگ کے دورۂ ہندوستان سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا: چینی چیمبر آف کامرس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2026
ژی جن پنگ کے دورۂ ہندوستان سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا: چینی چیمبر آف کامرس
ژی جن پنگ کے دورۂ ہندوستان سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا: چینی چیمبر آف کامرس

 



 نئی دہلی: چین کے صدر شی جن پنگ کے ہندوستان دورے سے دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں میں خاصی دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔ چینی صدر ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ چین چیمبر آف کامرس کی نائب صدر یو لو نے شی جن پنگ کے دورے کو ہندوستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کے مستقبل کو انتہائی روشن قرار دیا ہے۔

اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے یو لو نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ ایک پرجوش موقع ہے اور انہیں یقین ہے کہ صدر کے سرکاری دورے اور برکس سربراہی اجلاس کے بعد ہندوستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ زراعت اور غذائی مصنوعات کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت پہلے ہی بڑھ رہی ہے۔ چینی کسٹمز کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے جولائی کے دوران برکس ممالک کے ساتھ چین کی زرعی اور غذائی تجارت میں سالانہ بنیاد پر 20 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

یو لو نے کہا کہ چین چیمبر آف کامرس ہندوستانی مصنوعات کو چینی بازار میں فروغ دینے کے لیے بھی کام کر رہا ہے اور اس سلسلے میں چین میں موجود ہندوستانی سفارت خانے کے ساتھ قریبی تعاون کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چینی بازار میں ہندوستانی آبی مصنوعات اور چائے کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے گی جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوسکے۔

چین کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو تصدیق کی کہ صدر شی جن پنگ 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں ہونے والی 18ویں برکس سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ چینی صدر وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں۔

ہندوستان 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں 18ویں برکس سربراہی کانفرنس کی میزبانی کررہا ہے۔ توسیع شدہ برکس گروپ میں تجارت مالی تعاون ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت توانائی سلامتی موسمیاتی اقدامات اور عالمی اداروں میں اصلاحات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

شی جن پنگ کا یہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ 2019 میں مملپورم میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہونے والی دوسری ہندوستان چین غیر رسمی سربراہی ملاقات کے بعد ان کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

چینی صدر کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دونوں ممالک حقیقی کنٹرول لائن پر کئی برس سے جاری کشیدگی کے بعد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات کو ہندوستان چین تعلقات میں مزید پیش رفت کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔