لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے تمام اسکولوں میں "وندے ماترم" کو لازمی قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔ اب ریاست کے تمام سرکاری، امداد یافتہ اور نجی تعلیمی اداروں میں ہر دن کا آغاز "وندے ماترم" کے اجتماعی ترانے سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "وندے ماترم" محض ایک نغمہ نہیں بلکہ محب وطن جذبے اور قومی یکجہتی کی علامت ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ اس فیصلے کو فوری طور پر نافذ کیا جائے اور تمام اسکولوں میں نظم و ضبط، صفائی اور حب الوطنی کا ماحول یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلبہ میں ملک کے تئیں احترام اور فخر کا جذبہ پیدا ہو۔ 'وندے ماترم' کے گیت سے بچوں میں قومی احساس اور حب الوطنی کے اوصاف پروان چڑھیں گے۔ تعلیمی محکمے کے مطابق، جلد ہی اس فیصلے سے متعلق باقاعدہ حکم نامہ جاری کیا جائے گا، جس میں یہ بھی واضح ہوگا کہ "وندے ماترم" کا ترانہ روزانہ دعا کے وقت "جن گن من" کی طرح گایا جائے گا۔
دوسری جانب کئی ماہرینِ تعلیم اور والدین نے حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام طلبہ میں قوم کے تئیں لگن اور ایثار کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گا۔