نئی دہلی: لوک سبھا نے جمعرات کو قومی اعزاز کی توہین کی روک تھام (ترمیمی) بل، 2026 کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔ اس بل کے تحت قومی نغمہ "وندے ماترم" کی توہین یا اس کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنا ایک قابلِ سزا جرم ہوگا۔ اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان مختصر بحث کے بعد بل منظور کیا گیا۔ یہ بل ایک روز قبل راجیہ سبھا سے بھی منظور ہو چکا ہے۔
لوک سبھا میں ڈی ایم کے نے اس بل کی سخت مخالفت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت اسے "ہندوتوا ایجنڈا" کو فروغ دینے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے بل کو ایوان میں پیش کیا اور بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت تمام ریاستوں اور ان کی لسانی شناخت کا احترام کرتی ہے، تاہم اس کی خواہش ہے کہ قومی ترانے کے ساتھ قومی نغمہ بھی گایا جائے۔
انہوں نے کہا، "یہ بل ہندوستان کے وقار کے لیے ہے، کسی ریاست یا نظریے کے خلاف نہیں۔ بی جے پی، این ڈی اے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت تمام ریاستی نغموں کا احترام کرتی ہے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ جب قومی ترانہ گایا جائے تو اس کے ساتھ قومی نغمہ بھی گایا جائے۔" دوسری جانب ڈی ایم کے کی رکنِ پارلیمنٹ کنی موزھی نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ قوم پرستی کی آڑ میں ہندوتوا ایجنڈا نافذ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم اس بل کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہ قوم پرستی کے لبادے میں ہندوتوا ایجنڈا ہے۔ قانون بنا کر قوم پرستی مسلط نہیں کی جا سکتی۔ یہ نغمہ اس ملک کی سیکولر روح کے خلاف ہے۔" کنی موزھی نے کہا کہ ملک کے بانی رہنماؤں نے دانائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری استعمال کے لیے وندے ماترم کی صرف ابتدائی دو بندوں کو اختیار کیا تھا، لیکن اب حکومت تمام چھ بند لازمی قرار دے کر اور خلاف ورزی کو جرم بنا کر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "آپ یہ بل لا کر تمل عوام کی بے عزتی کر رہے ہیں۔ یہ تمل ناڈو اور ان تمام ریاستوں کی توہین ہے جن کے اپنے ریاستی نغمے ہیں۔ آپ ملک کو کیوں تقسیم کر رہے ہیں؟ جو بھی آپ کی مخالفت کرتا ہے، آپ اسے ملک دشمن قرار دیتے ہیں، جبکہ اصل میں یہی حکومت ملک کو تقسیم کر رہی ہے۔"
انہوں نے اس بات پر بھی اعتراض کیا کہ ایوان میں رام مندر چندہ معاملے اور طلبہ پر مبینہ پولیس کارروائی کے خلاف اپوزیشن کے ہنگامے کے دوران بل کو منظور کرایا گیا۔ یہ ترمیمی بل 24 جولائی کو راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا تھا۔ موجودہ قانون قومی پرچم، آئینِ ہند اور قومی ترانے کی توہین کو قابلِ سزا جرم قرار دیتا ہے، جبکہ اس ترمیم کے ذریعے "وندے ماترم" کو بھی قومی ترانے کے مساوی قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد اب یہ بل صدرِ جمہوریہ کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا، جس کے بعد یہ قانون نافذ ہوگا۔