وندے بھارت، شتابدی، راجدھانی ٹرینوں کی نگرانی کریں گے ہائی ٹیک کیمرے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-10-2025
وندے بھارت، شتابدی، راجدھانی ٹرینوں کی نگرانی کریں گے ہائی ٹیک کیمرے
وندے بھارت، شتابدی، راجدھانی ٹرینوں کی نگرانی کریں گے ہائی ٹیک کیمرے

 



نئی دہلی: ریلوے مسلسل مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اقدامات کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں، مغربی ریلوے نے مسافروں کی سلامتی کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ اب ریلوے ممبئی-احمدآباد مین لائن سے گزرنے والی وندے بھارت، راجدھانی، شتابدی سمیت تمام ٹرینوں کی نگرانی جدید کیمروں کے ذریعے کرے گا

۔ یہ سسٹم گجرات کے ولساڈ میں نصب کیا گیا ہے۔ ریلوے کے یہ جدید کیمرے انٹرنیٹ پروٹوکول (IP) پر مبنی ہوں گے۔ یہ کیمرے چار رولنگ پوائنٹس پر لگائے گئے ہیں جو چلتی ہوئی ٹرینوں کی ہر تفصیل کو حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں مانیٹر کریں گے۔ یہ کیمرے کسی بھی خطرے یا خرابی کو فوراً شناخت کرکے الارم جاری کر دیں گے۔ یہ جدید کیمرے ہر موسم میں یکساں طور پر کام کریں گے، یعنی دن ہو یا رات، بارش ہو یا دھند، ان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

یہ سسٹم نہ صرف کوچ اور انجن کی جانچ کے عمل کو تیز کرے گا بلکہ حادثات میں بھی خاطر خواہ کمی لائے گا، یوں مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مغربی ریلوے کے افسران کا کہنا ہے کہ اس نئی ٹیکنالوجی سے انجینئرز کو اب ٹرین کی دستی جانچ کے لیے پٹری پر اترنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے نہ صرف وقت بچے گا بلکہ حادثات بھی کم ہوں گے۔

مسافروں کے لیے سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ان کا سفر مزید محفوظ بن جائے گا۔ اگر بریک فیل ہو جائے، بیئرنگ گرم ہو، یا کسی پرزے میں ڈھیلا پن یا خرابی ہو تو کیمرہ فوراً پکڑ لے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ جدید کیمرے ہائی ڈیفینیشن ویڈیو کیپچر، نائٹ ویژن اور ہر موسم میں تحفظ جیسے فیچرز سے لیس ہیں۔ جیسے ہی کوئی ٹرین ولساڈ اسٹیشن سے گزرتی ہے، یہ کیمرے خودکار طریقے سے اس کے پہیوں، بریک شو، جوڑنے والے پرزوں، رِمز اور بوگی فریم جیسے اہم حصوں کی قریبی ویڈیوز ریکارڈ کر لیتے ہیں۔

کیمرے سے حاصل شدہ یہ ویڈیوز فوری طور پر کیریج اینڈ ویگن انجینئرنگ آفس میں بیٹھے ماہرین کو ریئل ٹائم میں دکھائی جاتی ہیں۔ اگر کسی ڈبے میں ڈھیلا پن، دھواں یا کوئی غیر معمولی لرزش محسوس ہوتی ہے تو سسٹم فوراً الرٹ جاری کر دیتا ہے۔ یہ ملک کا پہلا اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم ہے جو گجرات کے ولساڈ میں لگایا گیا ہے۔ اسے ممبئی-احمدآباد مین لائن پر نصب کیا گیا ہے۔

ریلوے کا کہنا ہے کہ مغربی ریلوے کے لیے یہ جدید ٹیکنالوجی حفاظت اور کارکردگی دونوں کے اعتبار سے ایک نئی راہ متعین کرے گی۔ آنے والے وقت میں ایسی ٹیکنالوجی دیگر اہم اسٹیشنوں پر بھی لگائی جائے گی تاکہ مسافروں کو محفوظ، اسمارٹ اور قابلِ اعتماد سفر کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔