نئی دہلی: ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے کہا ہے کہ ان کا چار روزہ دورۂ ہندوستان وزیر اعظم نریندر مودی کے آئندہ دورۂ ازبکستان کی تیاری کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پیر کے روز وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران بختیار سعیدوف نے کہا کہ ہندوستانی قیادت کے ساتھ ان کی ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان جاری باقاعدہ رابطوں کا تسلسل ہیں اور ان کا مقصد اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً دس دن پہلے ہماری ٹیلی فون پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔ اسی سلسلے میں آپ کے عظیم ملک کے دورے پر آیا ہوں تاکہ وزیر اعظم کے آئندہ دورۂ ازبکستان کی تیاری کے لیے اہم ملاقاتیں اور مشاورت کی جا سکے۔
انہوں نے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان جاری مکالمے کا عملی تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ازبکستان اور ہندوستان ہمیشہ بین الاقوامی پلیٹ فارموں اور مختلف عالمی مواقع کو باہمی تعاون بڑھانے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔بختیار سعیدوف نے کہا کہ مجھے اور میرے وفد کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ ہم اس دورے کے ذریعے وزیر اعظم کے آئندہ دورۂ ازبکستان کی تیاری کو حتمی شکل دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی رفتار دینے اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ازبک وزیر خارجہ نے ہندوستان کو ایک قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں ازبکستان کے لیے ہندوستان نہ صرف ایک اہم اسٹریٹجک بلکہ ایک بڑا تجارتی شراکت دار بھی ہے۔
بختیار سعیدوف 2 اگست سے 5 اگست تک اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ہندوستان میں موجود ہیں۔اس دورے کے دوران انہوں نے صدر دروپدی مرمو سے راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی اور بعد ازاں وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا جامع جائزہ لیا گیا۔ توانائی۔ بنیادی ڈھانچے۔ دفاع۔ تجارت۔ تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس جے شنکر نے سماجی رابطے کے ایک پیغام میں کہا کہ اپنے دوست ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات پر خوشی ہوئی۔ ہم نے توانائی۔ بنیادی ڈھانچے۔ تجارت۔ دفاع۔ تعلیم اور ثقافت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسٹریٹجک شراکت داری کا تفصیلی جائزہ لیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش اہم چیلنجوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیر جہتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔