نئی ٹہری
اترکھنڈ کے ضلع ٹہری گڑھوال میں چمبا علاقے کے نیل-کوٹی کالونی روڈ پر ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے اس میں سوار آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ ایک سرکاری افسر نے یہ اطلاع دی۔
ضلع مجسٹریٹ نتیکا کھنڈیلوال کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں تقریباً 10 افراد سوار تھے۔انہوں نے بتایا کہ تمام مسافر گھنسالی علاقے کے تھیولدھار گاؤں کے رہنے والے تھے اور گاؤں کے ایک شخص کی آخری رسومات ہریدوار میں ادا کرنے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر بچاؤ اور راحت کے کام تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
دھامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی روحوں کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔