دہرادون
اتراکھنڈ حکومت نے منگل کے روز ریاستی اسمبلی کا ایک روزہ خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔
اس اجلاس میں "ناری سمان، لوک تنتر میں ادھیکار" کے موضوع پر خصوصی بحث کی جائے گی، جس کے پیش نظر اسمبلی کے اندر اور اطراف میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
یہ خصوصی اجلاس ملک گیر سطح پر خواتین کے ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر ہونے والی بحث کے پس منظر میں بلایا گیا ہے، جسے 17 اپریل کو لوک سبھا میں پیش کیا گیا تھا۔
لوک سبھا میں آئین (ایک سو اکتیسواں ترمیمی) بل، حدبندی (ڈیلمیٹیشن) بل اور یونین ٹیریٹریز قوانین (ترمیمی) بل کو ایک ساتھ منظوری کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ان تینوں بلوں پر بحث کے بعد آئینی ترمیمی بل پر ووٹنگ ہوئی، جس میں 298 ارکان نے حمایت میں اور 230 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ اس طرح آئینی ترمیمی بل مسترد ہو گیا، جس کے بعد حکومت نے کہا کہ وہ دیگر دو متعلقہ بلوں کو آگے نہیں بڑھائے گی۔
ان بلوں کا مقصد لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 543 سے بڑھا کر 816 کرنا تھا، جس میں 33 فیصد نشستیں خواتین کے لیے مختص کی جانی تھیں۔ حدبندی کا عمل 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر ہونا تھا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ تمام ریاستوں کے لیے نشستوں میں متناسب اضافہ کیا جائے گا۔
اپوزیشن جماعتوں نے کہا کہ وہ خواتین کے ریزرویشن کی بھرپور حمایت کرتی ہیں، لیکن حدبندی بل کی مخالفت کرتی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ نشستوں کے اندر ہی خواتین کے لیے ریزرویشن نافذ کیا جائے۔اس سے قبل اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جمعہ کے روز دہرادون کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ مہلا جن آکروش ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہزاروں خواتین کے ساتھ پریڈ گراؤنڈ سے گھنٹہ گھر تک احتجاجی مارچ (پدیاترا) بھی کیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ناری شکتی وندن ایکٹ خواتین کو ملک کے جمہوری نظام میں ان کا جائز حق دلانے کے لیے لایا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا میں مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے یہ بل منظور نہیں ہو سکا اور اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ اس نے خواتین کو ان کے حقوق سے محروم رکھنے کی سازش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں خواتین ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں گی کیونکہ اب وہ اپنے حقوق کے بارے میں زیادہ باخبر اور بیدار ہو چکی ہیں۔