اتراکھنڈ میں اقلیتی تعلیمی ادارہ ایکٹ نافذ، مدرسہ بورڈ ایکٹ منسو خ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2026
اتراکھنڈ میں اقلیتی تعلیمی ادارہ ایکٹ نافذ، مدرسہ بورڈ ایکٹ منسو خ
اتراکھنڈ میں اقلیتی تعلیمی ادارہ ایکٹ نافذ، مدرسہ بورڈ ایکٹ منسو خ

 



 دہرادون: اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ریاست میں اتراکھنڈ اقلیتی تعلیمی ادارہ ایکٹ نافذ العمل ہو گیا ہے، جس کے ساتھ ہی مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ایکٹ اور غیر سرکاری عربی-فارسی مدارس کی منظوری سے متعلق قواعد کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، نئے قانون کے نفاذ کا مقصد ریاست میں اقلیتی تعلیمی اداروں کے لیے ایک یکساں، شفاف اور جواب دہ منظوری کا نظام قائم کرنا ہے۔

پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاستی حکومت ایسا تعلیمی نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو جدید، شفاف، معیاری، جواب دہ اور قوم کی تعمیر کے بنیادی اقدار پر مبنی ہو۔

انہوں نے کہا کہ نئے قانونی فریم ورک کے تحت تمام اقلیتی تعلیمی اداروں کی منظوری ایک یکساں اور شفاف طریقۂ کار کے مطابق دی جائے گی، جس سے نظام میں یکسانیت اور احتساب کو فروغ ملے گا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کا وژن واضح ہے کہ ریاست کے ہر بچے کو جدید تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، ہنر مندی اور ہندوستانی اقدار سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ ترقی یافتہ اتراکھنڈ اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے مسلسل کام کرتی رہے گی۔

123.79 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

دوسری جانب، پیر کے روز وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ضلع چمپاوت میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران 123.79 کروڑ روپے مالیت کے 17 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔

ان میں 27.79 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے آٹھ منصوبوں کا افتتاح کیا گیا، جبکہ 96 کروڑ روپے مالیت کے نو نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے 3.49 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے جم کاربیٹ ٹریل کا بھی افتتاح کیا، جس کے تحت ضلع کے مختلف مقامات پر مشہور ماہرِ جنگلات جم کاربیٹ سے وابستہ مقامات کی تعمیر و تزئین کا کام انجام دیا گیا ہے۔انہوں نے چمپاوت بس اسٹیشن روڈویز علاقے میں تعمیر کیے جانے والے سٹی سینٹر منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے مختلف مندروں کے پجاریوں، نیم فوجی دستوں کے اہلکاروں، نوجوانوں، عوامی نمائندوں، تاجروں، ڈھابہ مالکان، صفائی کارکنوں، اساتذہ، صنعت کاروں، خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس، ٹیکسی یونین، بینک ملازمین، وکلا، دانشوروں اور میڈیا نمائندوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات سے ملاقات اور تبادلۂ خیال بھی کیا۔