دہرادون/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو فون پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے بات چیت کی اور اتراکھنڈ میں بھاری بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی اپ ڈیٹ حاصل کیا۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی وزیر اعلیٰ سے بات کی۔
وزیر اعلیٰ دھامی نے کہا کہ مکانات اور سرکاری جائیداد کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ لوگوں کا روزگار متاثر ہوا ہے... آج صبح وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مجھ سے بات کی اور تمام تفصیلات لیں۔
وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے ریاست کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں مرکزی حکومت اتراکھنڈ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ دھامی نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی رہنمائی اور تعاون سے ریاست میں راحت اور بچاؤ کے کام مزید تیز ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں پوری طرح متحرک ہے جہاں راحت اور ریسکیو آپریشن جنگی سطح پر جاری ہیں۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ نے دہرادون ضلع کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا زمینی معائنہ کیا۔ اس موقع پر مقامی ارکان اسمبلی اور سینئر افسران ان کے ساتھ موجود تھے۔ دھامی نے افسران کو ہدایت دی کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان پریشانی کا شکار نہ ہو اور فوری طور پر راحتی سامان، محفوظ پناہ گاہ، کھانا، پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انتظامیہ پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے اور این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور مقامی حکام مسلسل میدان میں کام کر رہے ہیں۔ پیر کی رات دہرادون ضلع میں موسلا دھار بارش کے بعد تمسا ندی میں طغیانی آگئی اور پانی تاپکیشور مہادیو مندر تک پہنچ گیا، جو شہر کے مشہور مندروں میں سے ایک ہے۔ پانی مندر کے صحن میں داخل ہو گیا اور ہنومان کے مجسمے تک جا پہنچا، تاہم مندر کا مرکزی حصّہ محفوظ رہا۔
مندر کے پجاری آچاریہ بپن جوشی نے اے این آئی کو بتایا کہ صبح سے ندی میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا اور پورا مندر احاطہ زیر آب آگیا۔
انہوں نے کہا کہ صبح پانچ بجے کے بعد ندی تیزی سے بہنے لگی، پورا مندر احاطہ ڈوب گیا... ایسی صورتحال بہت عرصے بعد دیکھی گئی ہے... کئی جگہوں پر نقصان ہوا ہے... لوگوں کو اس وقت دریاؤں کے قریب نہیں جانا چاہیے... مندر کا مرکزی حصّہ محفوظ ہے... تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ کس طرح پانی غار والے مندر میں گھس آیا۔ ایک مقامی شخص نے بتایا کہ تقریباً 4:45 بجے صبح پانی غار میں داخل ہوا... پھر پانی کی سطح بڑھنے لگی اور 10-12 فٹ تک پہنچ گئی... پانی ’شیولنگ‘ سے اوپر تک آ گیا... کسی طرح ہم نے رسی کی مدد سے باہر نکلنے میں کامیابی حاصل کی۔
ایک اور مقامی شخص نے بتایا کہ پانی کے شدید بہاؤ سے مندر کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
"پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ کئی درختوں کے موٹے موٹے تنے بہہ کر آئے جس کی وجہ سے مندر کو نقصان پہنچا... اس صورتحال میں سب کو ندی کے قریب جانے سے گریز کرنا چاہیے۔
افسران کے مطابق، شدید بارش نے رشی کیش کو بھی متاثر کیا ہے جہاں چندرابھاگا ندی معمول سے زیادہ سطح پر بہہ رہی ہے اور پانی ہائی وے تک پہنچ گیا ہے۔ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے مطابق، ندی میں پھنسے تین افراد کو ریسکیو ٹیم نے بچا لیا جبکہ کئی گاڑیاں اب بھی پانی میں پھنسیں ہوئی ہیں۔ حکام نے مقامی باشندوں کو محتاط رہنے اور طغیانی زدہ دریاؤں اور ندیوں کے قریب نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔