رودرپریاگ
نگراسُو کے ایک گردوارے میں مبینہ جھگڑے کی خبروں کے درمیان رودرپریاگ کے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) وشال مشرا نے پیر کے روز عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان افواہوں پر توجہ نہ دیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گردوارے پر قبضہ کر لیا گیا ہے یا وہاں یرغمال بنائے جانے جیسی کوئی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ گردوارے کے اندر جھگڑا ضرور ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گردوارے کی انتظامی کمیٹی اب پُرامن طریقے سے کام کر رہی ہے۔
وشال مشرا نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’نگراسُو کے ایک گردوارے میں نہنگ سکھوں، گردوارہ انتظامیہ اور وہاں مقیم سکھ سیواداروں کے درمیان جھگڑا ہو گیا تھا۔ تاہم گردوارے میں ارداس، لنگر اور عبادات معمول کے مطابق اور پُرامن انداز میں جاری ہیں۔ گردوارے میں لوگوں کی آمد و رفت بھی معمول کے مطابق ہو رہی ہے اور کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان افواہوں پر بالکل توجہ نہ دیں کہ گردوارے پر قبضہ کر لیا گیا ہے، کسی کو یرغمال بنا لیا گیا ہے یا وہاں کوئی تشدد ہوا ہے۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ گردوارے کی انتظامی کمیٹی مکمل طور پر پُرامن ماحول میں کام کر رہی ہے اور کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
دوسری جانب گردوارہ نگراسُو کے گرنتھی بابا بیانت سنگھ، جنہیں گردوارے کا انتظام سونپا گیا ہے، نے الزام لگایا کہ چند افراد کا ایک گروپ، جسے گردوارے میں رہائش اور کھانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی، اچانک پرتشدد ہو گیا، رضاکاروں پر حملہ کیا، املاک کو نقصان پہنچایا اور گردوارے کی بالائی منزلوں سے پولیس اہلکاروں اور مقامی لوگوں پر پتھراؤ کیا۔
ان کے مطابق متعلقہ افراد 20 جون کو گردوارے پہنچے تھے اور ابتدا ہی سے رضاکاروں کے ساتھ جھگڑا اور بدتمیزی کر کے مسائل پیدا کرنے لگے تھے۔بابا بیانت سنگھ نے کہا کہ جھگڑے کے باوجود گردوارہ انتظامیہ نے انہیں رات بھر قیام کی اجازت دی اور کھانے پینے کا انتظام بھی کیا۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرسوں یہاں آئے اور لڑائی جھگڑا شروع کر دیا۔ انہوں نے رضاکاروں کو مارنا پیٹنا اور گالیاں دینا شروع کر دیں۔ اس کے باوجود ہم نے انہیں رات بھر ٹھہرنے دیا اور کھانا بھی فراہم کیا۔ اگلی صبح وہ دوبارہ ہمارے ساتھ جھگڑنے لگے، پھر بھی ہم نے انہیں سمجھانے اور پُرامن طریقے سے جانے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ 21 جون کی صبح معاملہ اس وقت مزید بگڑ گیا جب اس گروپ کی رضاکاروں کے ساتھ دوبارہ تلخ کلامی ہو گئی۔ ان کے مطابق گردوارہ انتظامیہ نے ایک بار پھر انہیں پُرامن طریقے سے وہاں سے جانے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی۔
بابا بیانت سنگھ نے مزید کہا کہ جب ہم وہاں سے جا رہے تھے تو انہوں نے باہر پولیس کو دیکھا۔ انہیں لگا کہ چونکہ وہ غلط کام کر رہے تھے، اس لیے پولیس انہیں گرفتار کرنے آئی ہے۔ اس کے بعد وہ سیدھے پانچویں منزل پر چلے گئے۔ انہوں نے عمارت پر قبضہ کر لیا، دیواریں توڑ دیں اور ہم پر، پولیس پر، باہر موجود لوگوں اور دکانداروں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ ہم نے اس پورے واقعے کی ڈرون کے ذریعے ویڈیو بھی بنائی ہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مذکورہ افراد نے گردوارے کی پانی کی سپلائی منقطع کر دی، عمارت میں نصب تمام سولر پینل توڑ دیے اور پوری رات املاک کو نقصان پہنچاتے رہے۔
بابا بیانت سنگھ نے کہا کہ انہوں نے ہم سے کھانا لینے سے بھی انکار کر دیا اور کہا کہ انہیں شک ہے کہ ہم ان کے کھانے میں زہر ملا دیں گے۔ انہوں نے ہماری پانی کی سپلائی بند کر دی، عمارت کے تمام سولر پینل تباہ کر دیے اور پوری رات توڑ پھوڑ کرتے رہے۔ اس سے ہمیں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔اس واقعے کے بعد اتراکھنڈ حکومت نے احتیاطی اقدام کے طور پر ہفتہ کی رات سے اتوار کی دوپہر تک علاقے میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی تھیں۔
فی الحال علاقے میں صورتحال معمول پر ہے۔