ہیلسنکی
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے روس سے خام تیل خریدنے کے فیصلے کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2022 کے بعد روسی تیل کی خریداری کے ذریعے ہندوستان نے نہ صرف اپنے قومی مفادات کا تحفظ کیا بلکہ عالمی معیشت کو استحکام دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ نئی دہلی کے متوازن توانائی فیصلوں نے عالمی توانائی سپلائی کو مستحکم رکھنے میں مدد دی اور یہ اقدام امریکہ کی جانب سے کی گئی واضح درخواستوں کے مطابق تھا تاکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں خطرناک اضافہ روکا جا سکے۔
جمعرات کو فن لینڈ میں منعقدہ "کلتارانتا مذاکرات" کے دوران "ابھرتی ہوئی طاقتیں اور نئی جغرافیائی سیاسی مسابقت" کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان نے عالمی توانائی بحران کے دوران نہایت عملی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ نے خاص طور پر ہندوستان سے کہا تھا کہ وہ روسی تیل خریدے تاکہ عالمی تیل منڈی کو مستحکم رکھا جا سکے۔وزیر خارجہ نے عالمی توانائی منڈی کی صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی پابندیوں کے بعد یورپی ممالک نے روسی توانائی ذرائع سے دوری اختیار کر لی اور متبادل سپلائی کے لیے مشرقِ وسطیٰ کا رخ کیا، جو روایتی طور پر ہندوستان کے لیے توانائی کا اہم ذریعہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت منڈی میں دستیاب تیل کا بڑا حصہ روس سے آ رہا تھا کیونکہ یورپی ممالک مشرقِ وسطیٰ کا تیل خرید رہے تھے، جو ہمارا روایتی سپلائر تھا۔ حالات نے ہمیں ایک مخصوص سمت میں جانے پر مجبور کیا۔یہ تبصرہ اس سوال کے جواب میں کیا گیا جب ایک صحافی نے روس-یوکرین تنازع کے معاملے پر ہندوستان پر روس کے لیے حد سے زیادہ ہمدردی رکھنے اور روسی تیل خریدنے کے لیے غیر معمولی آمادگی دکھانے کا الزام عائد کیا۔
جے شنکر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں تیل کی خریداری قیمت اور دستیابی کی بنیاد پر کرتا ہوں۔ اس وقت منڈی میں زیادہ تر دستیاب تیل روسی تھا کیونکہ یورپی ممالک بنیادی طور پر مشرقِ وسطیٰ سے تیل خرید رہے تھے، جو ہمارا روایتی سپلائر تھا۔ اس لیے حالات نے ہمیں اس سمت میں جانے پر مجبور کیا۔انہوں نے یورپ کے دوہرے معیار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا عالمی کردار ہمیشہ پرامن رہا ہے۔
جے شنکر نے کہا کہ کسی بھی یورپی ملک پر کبھی ہندوستانی ہتھیاروں سے حملہ نہیں کیا گیا۔ کاش میں یورپ کے بارے میں بھی یہی بات ہندوستان کے تناظر میں کہہ سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپ ایسے ہتھیار فروخت کرتا ہے جو ہندوستان پر حملوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ یہ صرف آج کی بات نہیں بلکہ کئی برسوں سے ایسا ہو رہا ہے۔ ہم ہندوستانیوں نے کبھی کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے یورپ کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔ میرے خیال میں یہ ایک بالکل معقول نکتہ ہے۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ روس اب بھی خام تیل کی درآمدات کے لیے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے، جبکہ قدرتی گیس کی فراہمی میں امریکہ ہندوستان کا سب سے بڑا سپلائر ہے، جو نئی دہلی کی متنوع توانائی حکمتِ عملی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی اس وقت خلیجی خطے پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔جے شنکر نے ہندوستان کی توانائی پالیسی پر ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئیے یہ ظاہر نہ کریں کہ یہ کسی عظیم اصول کی بات ہے۔ میرے خیال میں یہاں منافقت مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ مغربی ممالک کی پالیسیاں وقت کے ساتھ بدلتی رہی ہیں۔ پہلے امریکہ نے عالمی منڈی کو مستحکم رکھنے کے لیے ہندوستان سے روسی توانائی خریدنے کی درخواست کی، بعد میں محصولات عائد کیے اور پھر انہیں واپس بھی لے لیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ نئی دہلی ہمیشہ سے یہ مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ توانائی کی خریداری کے فیصلے قومی مفاد، عوامی فلاح اور توانائی کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں، نہ کہ بیرونی دباؤ یا یکطرفہ مغربی پابندیوں کی بنیاد پر۔
انہوں نے کہا کہ رعایتی نرخوں پر روسی خام تیل کی خریداری بڑھا کر ہندوستان نے نہ صرف اپنے صارفین کو مہنگائی کے شدید اثرات سے بچایا بلکہ عالمی تیل سپلائی پر پڑنے والے دباؤ کو بھی کم کیا، جس کے نتیجے میں وہ گزشتہ چند برسوں کے دوران عالمی تجارت میں استحکام پیدا کرنے والی ایک اہم قوت کے طور پر ابھرا ہے۔