دبئی
آبنائے ہرمز کے قریب امریکی فوج کے ایک اے ایچ-64 اپاچی ہیلی کاپٹر کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی شروع کر دی ہے اور اسے ’’ایرانی جارحیت کے متناسب جواب‘‘ قرار دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں گشت کرنے والے ایک جدید امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں امریکی پائلٹ محفوظ ہیں اور انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ اس کے باوجود ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اس واقعے کا جواب دینا اپنی ضرورت سمجھتا ہے۔
اس پیش رفت نے خطے میں پہلے سے جاری جنگ بندی کے امکانات پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ حال ہی میں اسرائیل اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے کی بات کی تھی، لیکن تہران نے خبردار کیا تھا کہ اگر لبنان میں اس کے اتحادی حزب اللہ پر حملے جاری رہے تو وہ دوبارہ جوابی کارروائی کرے گا۔
دریں اثنا، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی کارروائی پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی حملے یا دھمکی کو بغیر جواب دیے نہیں چھوڑیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ محفوظ رہنا چاہتا ہے تو اسے اس خطے سے دور رہنا چاہیے۔
اس واقعے کا ایک اہم پہلو یہ بھی رہا کہ پہلی مرتبہ امریکی بحریہ کے ایک خودکار سمندری ڈرون (آٹونومس سرفیس ویسل) کو امدادی کارروائی میں استعمال کیا گیا۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر عمان کے ساحل کے قریب سمندر میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔اس کے بعد امریکی بحریہ کے ’’کورسئیر‘‘ نامی ڈرون نے دونوں عملے کے ارکان کو پانی سے بحفاظت نکالا اور سمندر میں ایک دوسرے مقام تک منتقل کیا، جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزید طبی سہولیات کے لیے روانہ کیا گیا۔
سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے بتایا کہ اس ڈرون کو اس کی قربت اور جدید تکنیکی صلاحیتوں کی وجہ سے امدادی مشن کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ تقریباً دو گھنٹوں کے اندر دونوں اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ تاہم ہیلی کاپٹر حادثے کی اصل وجوہات کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
دوسری جانب، تہران میں اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی فضائی دفاعی فورس کے دو اہلکاروں کی آخری رسومات بھی ادا کی جانی ہیں۔اس پورے واقعے نے مغربی ایشیا میں امن کی کوششوں کو ایک نئی آزمائش سے دوچار کر دیا ہے اور آبنائے ہرمز جیسے اہم اور تزویراتی سمندری راستے کی سلامتی کے حوالے سے عالمی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی یہ کشیدگی آنے والے دنوں میں علاقائی سلامتی، عالمی توانائی کی فراہمی اور سفارتی کوششوں پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ فی الحال دونوں ممالک کے بیانات سے اشارہ ملتا ہے کہ صورتحال بدستور نہایت حساس اور نازک مرحلے میں ہے۔