ایل جی ترنجیت سنگھ سندھو نے امریکی سفیر سرجیو سے ملاقات کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-03-2026
ایل جی ترنجیت سنگھ سندھو نے امریکی سفیر سرجیو سے ملاقات کی
ایل جی ترنجیت سنگھ سندھو نے امریکی سفیر سرجیو سے ملاقات کی

 



نئی دہلی
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے ہندوستان میں امریکہ کے ایلچی سرجیو گور سے ملاقات کی، جبکہ ہندوستان میں امریکی سفارتخانے نے نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کو دوبارہ اجاگر کیا۔ اس موقع پر اس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دونوں ممالک کے تعلقات سے متعلق پیغام بھی شیئر کیا۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں ترنجیت سنگھ سندھو نے کہا کہ اپنے دوست اور  سرجیو گور سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔اس سے قبل 11 مارچ کو، امریکہ کے ایلچی سرجیو گور نے ترنجیت سنگھ سندھو کو دہلی کا لیفٹیننٹ گورنر بننے پر مبارکباد دی تھی، انہوں نے ونئے کمار سکسینہ کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا ہے۔
گور نے سندھو کے امریکہ میں ہندوستان کے سابق سفیر کے طور پر خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکہ-ہندوستان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔ تین دہائیوں سے زائد تجربہ رکھنے والے ایک تجربہ کار سفارتکار کے طور پر، سندھو نے 2020 سے 2024 تک امریکہ میں ہندوستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایکس پر ایک اور پوسٹ میں گور نے کہا کہ میرے اچھے دوست ترنجیت سنگھ سندھو کو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کا حلف اٹھانے پر مبارکباد۔ آپ نے میرے ملک کے دارالحکومت میں امریکہ-ہندوستان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بہت کام کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ اپنے ملک کے دارالحکومت کے عوام کی بہترین خدمت کریں گے۔
نئے مقرر کردہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے اس ماہ دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیایا کی موجودگی میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ادھر، ہندوستان میں امریکی سفارتخانے نے جمعہ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بیان شیئر کیا، جس میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی۔ بیان میں کہا گیا، "ہمارا ہندوستان کے ساتھ شاندار تعلق آگے چل کر مزید مضبوط ہوگا۔ وزیر اعظم مودی اور میں ایسے لوگ ہیں جو کام کر کے دکھاتے ہیں، جو کہ زیادہ تر لوگوں کے بارے میں نہیں کہا جا سکتا۔
نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔حال ہی میں امریکہ کے انڈر سیکریٹری برائے پالیسی ایلبریج کولبی نے ہندوستان کا دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے 2026 کی نیشنل ڈیفنس اسٹریٹیجی کے اہم نکات پر پیش رفت کے لیے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ اس دورے کے دوران ہندوستان-امریکہ دفاعی شراکت داری کے فریم ورک کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
اپنے دورۂ ہندوستان کے دوران کولبی نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور خارجہ سکریٹری وکرم مصری سے ملاقات کی۔ انہوں نے دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ کے ساتھ امریکہ-ہندوستان دفاعی پالیسی گروپ کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ ان مذاکرات کے دوران امریکہ-ہندوستان بڑی دفاعی شراکت داری کے فریم ورک کو آگے بڑھایا گیا، جس پر اکتوبر 2025 میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور امریکی سیکریٹری آف وار پیٹ ہیگستھ نے دستخط کیے تھے۔