امریکی فوج جلد ہی ایران میں "کام ختم" کرے گی: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-04-2026
امریکی فوج جلد ہی ایران میں
امریکی فوج جلد ہی ایران میں "کام ختم" کرے گی: ٹرمپ

 



واشنگٹن
ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج ایران میں جلد ہی “کام مکمل کر دے گی کیونکہ بنیادی اسٹریٹجک مقاصد تقریباً حاصل ہو چکے ہیں۔ٹرمپ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملوں کے تقریباً ایک ماہ بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں اس اقدام کا دفاع کیا۔ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری 2026 کو پہلی بار ایران پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کی اور مغربی ایشیا میں جنگ شروع ہو گئی۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگلے دو سے تین ہفتوں میں ہم ایران پر انتہائی سخت حملہ کریں گے۔ ہم انہیں پتھر کے دور میں واپس بھیج دیں گے، جہاں انہیں ہونا چاہیے۔تقریباً 20 منٹ کے خطاب میں ٹرمپ نے گزشتہ ہفتوں کے اپنے کئی بیانات کو دہرایا۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق، بہت سے امریکیوں کا ماننا ہے کہ ان کے ملک کی فوج نے ایران میں ضرورت سے زیادہ مداخلت کی ہے۔ مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے باعث تیل اور گیس کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، اس لیے ٹرمپ کے اس خطاب سے عوامی رائے میں بڑی تبدیلی کی توقع کم ہے۔
ٹرمپ کے بیان کا عالمی مالیاتی منڈیوں پر فوری اثر پڑا۔ ایران پر سخت حملے جاری رکھنے کے اشارے کے بعد تیل کی قیمتوں میں چار فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا جبکہ ایشیائی شیئر بازاروں میں گراوٹ دیکھی گئی۔
ٹرمپ نے کہا کہ مجھے آج رات یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے بنیادی اسٹریٹجک مقاصد تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔ ہم کام ختم کرنے والے ہیں اور اسے بہت تیزی سے مکمل کریں گے۔ ہم بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے کے امکان کا کوئی ذکر نہیں کیا اور نہ ہی نیٹو کا حوالہ دیا، حالانکہ وہ اس سے قبل ہرمز آبنائے کی سکیورٹی کے معاملے پر نیٹو اتحادیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات یا اس آبی راستے کو کھولنے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کا بھی ذکر نہیں کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ پہلی عالمی جنگ ایک سال، سات ماہ اور پانچ دن جاری رہی جبکہ دوسری عالمی جنگ تین سال، آٹھ ماہ اور پچیس دن تک چلی۔ اس کے مقابلے میں ایران میں کارروائی صرف 32 دن چلی ہے اور یہ اتنی طاقتور رہی ہے کہ ایک بڑا ملک اب خطرہ نہیں رہا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ہفتے امریکی افواج نے میدانِ جنگ میں تیز، فیصلہ کن اور زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ بی-2 بمبار طیارہ کے ذریعے ایران کے جوہری مراکز کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات پر اتنا زبردست حملہ ہوا ہے کہ وہاں تک رسائی میں بھی مہینے لگ سکتے ہیں، اور امریکہ ان پر سیٹلائٹ کے ذریعے مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر ایران نے کوئی قدم اٹھایا تو دوبارہ میزائل حملے کیے جائیں گے۔
ٹرمپ کے مطابق، اس جنگ میں امریکہ کے اہم مقاصد ایران کی میزائل سازی کی صلاحیت اور بحریہ کو تباہ کرنا، اس کے حمایت یافتہ گروہوں کو غیر مستحکم ہونے سے روکنا اور اسے جوہری ہتھیار بنانے سے باز رکھنا ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فوجی کارروائی ایران کے وسائل، خصوصاً تیل، پر قبضہ کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنے اتحادیوں کی مدد کے لیے کی جا رہی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا، “ہم مغربی ایشیا سے براہِ راست وابستہ نہیں ہیں، لیکن ہم اپنے اتحادیوں کی مدد کے لیے وہاں موجود ہیں۔ ہمیں وہاں رہنے یا ان کے تیل کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے وائٹ ہاؤس کے کراس ہال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران “آپریشن ایپک فیوری” کے تحت ایران کی میزائل اور ڈرون حملہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس کی اسلحہ فیکٹریوں اور راکٹ لانچرز کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ ختم ہو چکی ہے، فضائیہ تباہ ہو چکی ہے اور اس کے کئی رہنما مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامک ریولیوشنری گارڈ کور کو بھی شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔