امریکہ۔ہند تعلقات ۔ دہائیوں کی محنت چند گھنٹوں میں ضائع ہوسکتی ہے ۔ مکیش آگی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2025
امریکہ۔ہند تعلقات ۔  دہائیوں کی محنت چند گھنٹوں میں ضائع ہوسکتی ہے ۔ مکیش آگی
امریکہ۔ہند تعلقات ۔ دہائیوں کی محنت چند گھنٹوں میں ضائع ہوسکتی ہے ۔ مکیش آگی

 



نئی دہلی، یو ایس۔انڈیا اسٹریٹیجک پارٹنرشپ فورم(USISPF) کے صدر اور سی ای او مکیش آگی نے امریکہ کی جانب سے بھارت پر ثانوی ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کو "بے جا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 25 برسوں میں قائم ہونے والے تعلقات کو چند گھنٹوں میں برباد کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی کی بات یہ ہے کہ جو رشتہ پچیس برسوں میں بنایا گیا تھا وہ 25 گھنٹوں میں ضائع ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم پرعزم رہیں کیونکہ بھارت اور امریکہ کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ یہ ثانوی ٹیرف کسی بھی طور پر درست نہیں ہیں۔

ٹرمپ کے بیانات اور بھارت کا ردعمل

آگی نے اس جانب اشارہ کیا کہ بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل"پر کی گئی متنازع پوسٹس پر کوئی منفی ردعمل نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے صدر کی ان پوسٹس پر کوئی منفی رویہ اختیار نہیں کیا... سوال یہ ہے کہ صدر ٹرمپ کیوں اس طرح کی ٹویٹس کر رہے ہیں؟ ایک رائے یہ ہے کہ وہ نوبل انعام جیتنا چاہتے ہیں، دوسری یہ کہ انہیں غلط مشورے دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر کی جانب سے یہ دعویٰ کہ بھارت نے ٹیرف صفر کرنے کی پیشکش کی ہے، اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔صدر کے کچھ تبصرے ایسے ہوتے ہیں جنہیں اہمیت دینی چاہیے اور کچھ کو نظر انداز کر دینا چاہیے۔ ضروری ہے کہ بھارت کے لوگ بالغ نظری سے اپنے فیصلے کریں اور ملک کے مفاد کو مقدم رکھیں۔"

تجارتی کشیدگی کے اثرات

یو ایس آئی ایس پی ایف کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک ان غیر ضروری ثانوی ٹیرف کے نتیجے میں نقصان اٹھا رہے ہیں۔ تاہم امریکی کاروباری طبقے کا بھارت کے حوالے سے اعتماد اب بھی قائم ہے۔
"
امریکی سی ای اوز کا مجموعی رویہ بھارت کے بارے میں مثبت ہے۔ وہ اپنی سرمایہ کاری میں کوئی کمی نہیں کر رہے۔ بھارت پر اعتماد اور یقین اب بھی برقرار ہے۔"

پس منظر

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بھارتی مصنوعات پر امریکی حکومت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر 50 فیصد تک کے بھاری ٹیرف عائد کر دیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ دہائیوں سے بھارت اور امریکہ کے درمیان کاروباری تعلقات یک طرفہ اور نقصان دہ رہے ہیں۔

ٹرمپ نے پیر کو "ٹروتھ سوشل" پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بھارت نے ہمیشہ امریکہ پر بہت زیادہ ٹیرف عائد کیے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، اسی وجہ سے ہماری کمپنیوں کے لیے بھارت میں کاروبار تقریباً ناممکن رہا۔ لیکن بھارت امریکہ کو بڑے پیمانے پر اپنی مصنوعات بیچتا رہا ہے۔ یہ یک طرفہ تعلقات دہائیوں سے چل رہے ہیں اور ایک تباہی سے کم نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے اب پیشکش کی ہے کہ وہ اپنے ٹیرف کو صفر پر لے آئے گا، لیکن یہ اقدام "بہت دیر سے" کیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بھارت اپنی تیل اور دفاعی ضروریات زیادہ تر روس سے پوری کرتا ہے اور امریکہ سے بہت کم خریداری کرتا ہے۔یاد رہے کہ جولائی میں ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے(BTA) پر بات چیت جاری تھی۔ اس کے بعد بھارت کے روسی تیل کی درآمد پر 25 فیصد "ثانوی ٹیرف" عائد کیے گئے، جو 27 اگست سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیے گئے۔