امریکہ: آئیووا میں فائرنگ کے واقعات، 7 افراد ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-06-2026
امریکہ: آئیووا میں فائرنگ کے واقعات، 7 افراد ہلاک
امریکہ: آئیووا میں فائرنگ کے واقعات، 7 افراد ہلاک

 



آئیووا
 امریکہ کی ریاست آئیووا کے شہر مسکیٹین میں پیر کے روز ایک گھریلو تنازع خونریز فائرنگ کے واقعے میں تبدیل ہو گیا، جس میں حملہ آور سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ خاندانی تنازع کا نتیجہ تھا۔مسکیٹین پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق دوپہر تقریباً 12 بج کر 12 منٹ پر فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ ایک رہائش گاہ میں داخل ہونے پر اہلکاروں نے چار افراد کو گولیوں کے زخموں کے ساتھ پایا، جنہیں موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ فائرنگ کا تعلق ایک گھریلو تنازع سے تھا اور تمام متاثرین مبینہ طور پر ملزم کے خاندان کے افراد تھے۔حکام نے مقتولین کے نام اور عمریں تاحال ظاہر نہیں کیں۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ریان ولس میک فارلینڈ (52 سال) کے طور پر ہوئی، جو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسے ریور فرنٹ ٹریل کے قریب پیدل چلنے والوں کے پل کے نزدیک تلاش کر لیا، جہاں وہ خود کو گولی مارنے کے باعث شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ امدادی کوششوں کے باوجود اسے موقع پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے ایک رہائش گاہ سے ایک بالغ مرد کی لاش برآمد کی، جس کی موت بظاہر گولی لگنے سے ہوئی تھی۔ اسی طرح ایک کاروباری مقام سے بھی ایک اور بالغ مرد مردہ حالت میں ملا، جسے بھی گولی ماری گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں معلومات رکھنے والے افراد سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔مسکیٹین پولیس چیف انتھونی کیز نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ آج میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور شیطانی عمل ہے جس نے ہماری پوری برادری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ موجود تھا، تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔پولیس چیف کے مطابق اس وقت عوام کے لیے کسی اضافی خطرے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔