پرینکا گاندھی کے بیان پر لوک سبھا میں ہنگامہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 28-07-2026
پرینکا گاندھی کے بیان پر لوک سبھا میں ہنگامہ
پرینکا گاندھی کے بیان پر لوک سبھا میں ہنگامہ

 



نئی دہلی: کانگریس کی لوک سبھا رکن پریانکا گاندھی واڈرا کی جانب سے نئے مقرر کیے گئے مرکزی وزیرِ تعلیم کے خلاف دیے گئے بیان پر منگل کو لوک سبھا میں شدید ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ مرکزی وزراء پرہلاد جوشی اور کرن رجیجو نے ان پر غلط معلومات پھیلانے اور ذاتی نوعیت کے الزامات لگانے کا الزام عائد کیا۔

لوک سبھا میں امتحانی بے ضابطگیوں اور حکومت کی جوابدہی پر بحث کے دوران پریانکا گاندھی نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے نئے وزیرِ تعلیم پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم نے ایک ایسے شخص کو نیا وزیرِ تعلیم بنایا ہے جس نے ایک حاملہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے مجرموں کی رہائی پر رضامندی ظاہر کی بلکہ خوشی بھی ظاہر کی تھی۔‘‘ اس بیان پر اعتراض کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ پریانکا گاندھی کو اپنے بیان کے ثبوت پیش کرنے چاہییں کیونکہ وہ غلط معلومات پھیلا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’پریانکا جی کو اپنے بیان کی تصدیق کرنی چاہیے تھی۔ غلط معلومات پھیلانے کے معاملے میں کارروائی ہونی چاہیے۔ کیا کوئی بھی کچھ بھی کہہ کر بچ سکتا ہے؟ میں ان الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔ انہیں ایوان سے نکالا جائے اور وہ معافی مانگیں۔‘‘ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے بھی پریانکا گاندھی کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمنٹ میں کردار کشی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا، ’’جب پریانکا گاندھی واڈرا تقریر کر رہی تھیں تو پہلے ان کی طرف سے بھی مداخلت ہوئی اور ہماری طرف سے بھی، لیکن ہم ان کی بات خاموشی سے سن رہے تھے۔ تاہم موجودہ وزیرِ تعلیم کے بارے میں ان کا بیان پارلیمنٹ میں کردار کشی ہے۔ ہمیں ایسی زبان کی توقع نہیں تھی۔‘‘ اس سے قبل پریانکا گاندھی نے کہا کہ ہزاروں نوجوان پُرامن طریقے سے سڑکوں پر نکلے اور حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کا نظام پر اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے اور انہیں محسوس ہونے لگا ہے کہ اس ملک میں محنت سے زیادہ بے ایمانی کی اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا، ’’ہمارے لیے اس ملک کا آئین سب سے مقدم ہے اور جمہوریت سب سے بڑی ہے۔ اسے تباہ کرنا گناہ ہے۔ اس ملک کے کروڑوں لوگ ہم سے صرف ایک چیز چاہتے ہیں، وہ ہے جوابدہی۔ وہ ہمیں اقتدار میں بھیجتے ہیں تاکہ ہم ان کی بھلائی کے لیے کام کریں۔ اگر ان کے ساتھ ناانصافی ہو تو ہمیں جواب دینا چاہیے اور انہیں انصاف دلانا چاہیے۔ حالیہ دنوں میں ہزاروں نوجوان سڑکوں پر نکلے اور اپنے درد کا اظہار کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’مہاتما گاندھی کے راستے پر چلتے ہوئے ان نوجوانوں نے سچائی اور عدم تشدد کی راہ اپنائی، گیت گاتے ہوئے اور مسکراتے ہوئے پُرامن احتجاج کیا۔

انہوں نے اپنی آواز بلند کرنے کا جمہوری حق استعمال کیا۔ یہ ہندوستان کے وہ بچے ہیں جو دیہات، بڑے شہروں، قصبوں اور چھوٹے شہروں میں رہتے ہیں، جن کے خواب پورے کرنے کے لیے مائیں اپنے زیورات بیچتی ہیں، باپ اپنی زمین گروی رکھتے ہیں اور خاندان اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی خرچ کر دیتا ہے۔ آج انہی بچوں کو محسوس ہونے لگا ہے کہ اس ملک میں محنت نہیں بلکہ بے ایمانی کی قدر ہے۔‘‘ پریانکا گاندھی نے پارلیمنٹ میں سابق وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استقبال پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سابق وزیرِ تعلیم کا شاندار استقبال کیا جا رہا تھا، جبکہ دوسری طرف مہاراشٹر میں ایک خاندان اپنی بیٹی کی موت پر سوگ منا رہا تھا، جو ان کے مطابق پرچہ لیک کی متاثرہ تھی۔

انہوں نے کہا، ’’کل وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے شرمناک حالات میں استعفیٰ دیا، لیکن اسی دن مکر دوار پر حکمراں جماعت کے ارکان نے پارلیمنٹ میں ان کا ایسے استقبال کیا جیسے کوئی سپر اسٹار آیا ہو۔ ذرا اس تضاد کو دیکھیے، ایک طرف سابق وزیرِ تعلیم کو اعزاز دیا جا رہا تھا، دوسری طرف مہاراشٹر میں ایک خاندان اپنی اس بیٹی کی خودکشی پر غمزدہ تھا جو پرچہ لیک کی شکار تھی۔ آپ کی حکومت نے ملک کے کروڑوں طلبہ کو کیا پیغام دیا ہے؟ آپ کس بات پر فخر کر رہے ہیں؟ یہ کیسا غرور ہے؟ جہاں شرمندگی ہونی چاہیے تھی وہاں جشن منایا جا رہا ہے اور تالیاں بجائی جا رہی ہیں۔ ایک طرف غم ہے اور دوسری طرف ہار پہنائے جا رہے ہیں۔ ایسے میں آپ پر کون اعتماد کرے گا؟‘‘