ملک بھر میں یو پی آئی سروسز ڈاؤن

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-04-2025
ملک بھر میں یو پی آئی سروسز ڈاؤن
ملک بھر میں یو پی آئی سروسز ڈاؤن

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان میں یو پی آئی خدمات اچانک بند ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سرور ڈاؤن بتایا جا رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں گوگل پے، پے ٹی ایم اور دیگر کئی ایپس کام نہیں کر رہیں، جس سے لاکھوں صارفین کو دشواری کا سامنا ہے۔ سب سے زیادہ اثر دہلی-این سی آر سمیت کچھ دیگر شہروں میں دیکھنے کو ملا ہے۔ آن لائن سروس مانیٹرنگ ویب سائٹ "ڈاؤن ڈیٹیکٹر" نے بھی اس مسئلے کی تصدیق کی ہے۔
صارفین گوگل پے یا پے ٹی ایم کے ذریعے ادائیگی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ٹرانزیکشن مکمل نہیں ہو رہی۔ فون پے کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
یو پی آٗئی کب سے بند ہے؟
 ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق، یو پی آئی سروسز دوپہر تقریباً 12 بجے سے بند ہونا شروع ہو گئی تھیں۔ جیسے ہی صارفین نے ٹرانزیکشن کرنے کی کوشش کی، ادائیگیاں فیل ہونے لگیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا صارفین کی شکایتوں سے بھر گیا، ہر کوئی یو پی آئی کی سروس میں رکاوٹ پر ناراضگی ظاہر کر رہا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ کچھ دن پہلے بھی یو پی آئی سروس میں خرابی آئی تھی، جو تکنیکی خرابی کے باعث تھی۔ اب اس بار کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے۔
کونسے بینک متاثر ہوئے؟
یو پی آئی سروسز بند ہونے کی وجہ سے کئی بینکوں کی خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، ایچ ڈی ایف سی ، اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے حوالے سے صارفین نے شکایات کی ہیں۔
یہاں یہ بات اہم ہے کہ یو پی آئی کا استعمال ہندوستان میں ہر جگہ کیا جاتا ہے—چائے کی چھوٹی سی دکان سے لے کر بڑے مالز تک، لوگ نقد کے بجائے یو پی آئی سے ادائیگی کرتے ہیں۔ موجودہ وقت میں ملک کی کروڑوں آبادی یو پی آئی پر انحصار کرتی ہے، اس لیے اس کی سروس میں خلل سے کئی شعبے متاثر ہو رہے ہیں۔