لکھنؤ
اتر پردیش کانگریس کمیٹی نے منگل کو نیٹ (یو جی) 2026 امتحان منسوخ کیے جانے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے نوجوانوں کے خواب توڑ دیے ہیں۔
پارٹی نے کہا کہ جو حکومت ایک امتحان بھی محفوظ طریقے سے منعقد نہیں کرا سکتی، اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے منگل کو اعلان کیا کہ 3 مئی کو منعقد ہونے والا نیٹ (یو جی) 2026 امتحان منسوخ کیا جا رہا ہے اور یہ امتحان دوبارہ لیا جائے گا، جس کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایجنسی کے مطابق، امتحان سے جڑے الزامات کی جامع جانچ سی بی آئی کرے گی۔
کانگریس لیڈر رائے نے ایکس پر ہندی میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نوجوانوں کے خواب توڑ دیے ہیں اور اب مودی جی اپنا بستر باندھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ نیٹ یو جی 2026 کی منسوخی اس حکومت کی رخصتی کا سائرن ہے۔ جو حکومت ایک امتحان بھی محفوظ طریقے سے نہیں کرا سکتی، اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ پرچہ لیک ہونے کے خوف نے آپ کی حقیقت پوری طرح بے نقاب کر دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا نوجوان دیکھ رہا ہے کہ دہلی میں بیٹھے لوگ اس کے مستقبل کے ساتھ کیسے کھیل رہے ہیں۔ اب حساب ہوگا۔این ٹی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ شفافیت برقرار رکھنے اور قومی امتحانی نظام پر اعتماد قائم رکھنے کے لیے لیا گیا ہے۔
نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (نیٹ) 3 مئی کو ان طلبہ کے لیے منعقد کیا گیا تھا جو انڈر گریجویٹ سطح پر میڈیکل تعلیم کے کورسز میں داخلہ لینا چاہتے ہیں۔