لکھنؤ/ آواز دی وائس
یوگی حکومت دیوالی کے موقع پر اتر پردیش کی کروڑوں ماؤں اور بہنوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے جا رہی ہے۔ریاستی حکومت نے وزیر اعظم اُجولا یوجنا کے تحت اقتصادی طور پر کمزور اور محروم خاندانوں کو راحت دیتے ہوئے دو مفت ایل پی جی سلنڈر ریفِل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بدھ کے روز لوک بھون آڈیٹوریم میں اس اسکیم کا افتتاح کریں گے اور اہل خواتین کو مفت سلنڈر ریفِل کا تحفہ دیں گے۔
تہوار پر ملیں گے دو مفت ایل پی جی سلنڈر
حکومت کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق، اتر پردیش کی 1.86 کروڑ ماؤں اور بہنوں کو دو مفت ایل پی جی ریفِل سلنڈر دیے جائیں گے۔
اس کا تقسیم دو مراحل میں کیا جائے گا :
پہلا مرحلہ اکتوبر 2025 سے دسمبر 2025 تک
دوسرا مرحلہ جنوری 2026 سے مارچ 2026 تک مکمل ہوگا
یعنی ایک مفت سلنڈر کا فائدہ دیوالی پر اور دوسرا ہولی پر ملے گا
اس منصوبے کو مالی سال 2025-26 میں نافذ کرنے کے لیے یوگی حکومت نے 1500 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔
مفت سلنڈر کا فائدہ کیسے ملے گا؟
حکومت کے مطابق، پہلے مرحلے یعنی دیوالی پر 1.23 کروڑ آدھار تصدیق شدہ مستفیدین کو فری سلنڈر کا فائدہ دیا جائے گا۔ سبسڈی کی رقم مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔ یعنی اگر کوئی خاتون دیوالی کے موقع پر ایل پی جی سلنڈر خریدتی ہے، تو اس کی قیمت بعد میں 3–4 دنوں کے اندر اس کے آدھار سے جڑے بینک کھاتے میں واپس آ جائے گی۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سبسڈی کی رقم الگ الگ طور پر منتقل کی جائے گی۔ جن خواتین کے پاس 5 کلوگرام کا سلنڈر ہے، وہ چاہیں تو 14.2 کلوگرام کا سلنڈر حاصل کر سکتی ہیں۔ جن کے پاس صرف ایک کنکشن ہے، انہیں بھی اس اسکیم کا فائدہ دیا جائے گا۔
آدھار ویریفکیشن کے لیے خصوصی مہم
جن مستفیدین کا آدھار ابھی تصدیق شدہ نہیں ہے، ان کی توثیق کے لیے انتظامیہ اور تیل کمپنیوں کے تعاون سے ایک خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ تیل کمپنیاں صارفین کو ایس ایم ایس بھیج رہی ہیں تاکہ وہ جلد از جلد آدھار کی تصدیق کروا سکیں۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ایپ تیار کی جا رہی ہے، اور ڈسٹری بیوٹر مراکز پر اضافی لیپ ٹاپ بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ ہر ڈسٹری بیوٹر کے پاس بینر، فلیکس اور کیمپوں کے ذریعے تشہیر کی جا رہی ہے۔ مستفیدین کی سہولت کے لیے روستر پر مبنی آدھار تصدیقی نظام نافذ کیا گیا ہے۔
سخت مانیٹرنگ اور شکایات کے ازالے کا نظام
اس اسکیم کے مؤثر نفاذ اور نگرانی کے لیے دو سطحی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ریاستی سطح پر فوڈ کمشنر کے دفتر میں قائم کمیٹی اسکیم کا باقاعدہ جائزہ لے گی، جبکہ ضلع سطح پر، ضلع مجسٹریٹ کی سربراہی میں تشکیل کردہ کمیٹی ہفتہ وار میٹنگز کرے گی۔ صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ہیلپ لائن اور نگران نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔
مکمل مقدار میں گیس کی فراہمی پر نگرانی
یہ یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ صارفین کو مکمل وزن (14.2 کلوگرام) میں گیس فراہم کی جائے۔ اگر کسی سلنڈر کا وزن کم پایا جاتا ہے تو ڈسٹری بیوٹر کو اپنے وسائل سے سلنڈر تبدیل کرنا ہوگا۔ وزارت وزن و پیمائش اور ضلعی انتظامیہ کو وقتاً فوقتاً معائنہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔