یوپی:54 اسمبلی سیٹوں پرووٹنگ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2022
یوپی:54 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ
یوپی:54 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ

 

 

لکھنؤ:اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سمیت نو اضلاع کی 54 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔چیف الیکٹورل آفیسر اجے کمار شکلا نے اتوار کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ساتویں اور آخری مرحلے میں اعظم گڑھ، مؤ، جونپور، غازی پور، چندولی، وارانسی، مرزا پور، بھدوہی اور سون بھدرا اضلاع میں ہونے والے انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں

پولنگ ٹیم جائے وقوع پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندولی کے چکیا (محفوظ) اور سون بھدرا ضلع کے رابرٹس گنج (محفوظ) میں پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوگی اور شام 4 بجے تک جاری رہے گی،

جبکہ دیگر 51 اسمبلی حلقوں میں صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ جاری رہے گی۔ مقررہ مدت کے بعد بھی قطار میں کھڑے افراد کو ووٹ کا حق حاصل ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ساتویں مرحلے کی پولنگ میں 2.06 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں سے 1.09 کروڑ مرد، 97.08 لاکھ خواتین اور 1027 تیسری صنف کے ووٹر ہیں۔

اس مرحلے میں 54 اسمبلی حلقوں میں 613 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 75 خواتین امیدوار ہیں۔ الیکشن میں کل 23614 پولنگ مقامات اور 12210 پولنگ سٹیشنز ہیں جن پر کڑی نظر رکھنے کے لیے 52 جنرل آبزرور، 09 پولیس آبزروراور 17 ایکسپینڈیچر آبزرور بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ 1621 سیکٹر مجسٹریٹ، 195 زونل مجسٹریٹ، 222 اسٹیٹک مجسٹریٹ اور 2796 مائیکرو آبزرور بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے نیم فوجی دستوں کی مناسب تعداد میں تعینات کی گئی ہے۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ای وی ایم کے اسٹرانگ رومز کی حفاظت کی ذمہ داری بھی نیم فوجی دستوں کو دی گئی ہے۔

ساتویں مرحلے میں کل 548 ماڈل پولنگ اسٹیشنز اور 81 خواتین ورکرز کے پولنگ مقامات بنائے گئے ہیں۔ (ایجنسی)