یوپی:فرقہ پرست مخالف ووٹوں کا انتشارروکیں:اویسی کے نام سجادنعمانی کا خط

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
یوپی:فرقہ پرست مخالف ووٹوں کا انتشارروکیں:اویسی کے نام سجادنعمانی کا خط
یوپی:فرقہ پرست مخالف ووٹوں کا انتشارروکیں:اویسی کے نام سجادنعمانی کا خط

 

 

نئی دہلی: اب مسلم تنظیمیں بھی اتر پردیش کے انتخابات میں کود پڑی ہیں۔معروف عالم دین اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قائداسد الدین اویسی کو ایک کھلا خط لکھاہے۔

اس میں اویسی کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اتر پردیش کے انتخابات میں کن سیٹوں پر امیدوار کھڑے کریں۔ مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی کو ایک کھلا خط لکھا ہے۔یہ خط2022 کے یوپی اسمبلی انتخابات میں ظالم اور فرقہ پرست لوگوں کے خلاف ووٹوں کے بکھراؤ کو کم کرنے کی نیت سے لکھاگیا ہے۔

عالم دین نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اتر پردیش میں آئندہ انتخابات میں اے آئی ایم آئی ایم نے 100 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے لیکن پارٹی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ مسلم ووٹ تقسیم ہو سکتے ہیں جس سے فرقہ پرست طاقتوں کو مدد مل سکتی ہے۔

 

مولانا سجاد نعمانی کی طرف سے لکھے گئے ایک کھلے خط میں مولانا نے ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی سے کہا ہے کہ وہ اتر پردیش اسمبلی الیکشن 2022 میں جابر اور فرقہ پرست لوگوں کے خلاف ووٹوں کے بکھراؤ کو کم کریں۔

 

خط میں مولانا نے لکھا ہے کہ او بی سی سے تعلق رکھنے والے لوگ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف صف آرا ہوتے ہیں تو ان ظالم طاقتوں کو شکست ہوتی ہے۔ مولانا نے خط میں اویسی کی نیت اور ان کی صلاحیتوں کو قبول کرتے ہوئے لکھا کہ ووٹوں کی تقسیم کو کم کیا جا سکتا ہے۔

مولانا نے خط میں لکھا ہے کہ ’’میرے خیال میں آپ اپنی پوری طاقت صرف ان نشستوں پر استعمال کریں جہاں فتح یقینی ہو۔ باقی نشستوں پر آپ خود اتحاد کی اپیل کریں۔

مولانا نے اپنے خط میں مزید کہا کہ ’’اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ کی مقبولیت اور اعتماد میں اضافہ ہوگا جو کہ آپ کے اصل مشن کی کامیابی ہوگی جو الیکشن کے فوراً بعد شروع کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا، ’’میں آپ سے یہ اپیل کمیونٹی اور ملک کی بہتری کے لیے کر رہا ہوں۔‘‘

آپ کو بتاتے چلیں کہ مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی ندوی ایک اسلامی اسکالر ہیں۔ وہ اسلامی مدارس میں کئی اہم عہدوں پر فائز ہیں اور آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔