یوپی: بابری مسجد کے انہدام کی برسی پر سیکورٹی میں اضافہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-12-2025
یوپی: بابری مسجد کے انہدام کی برسی پر سیکورٹی میں اضافہ
یوپی: بابری مسجد کے انہدام کی برسی پر سیکورٹی میں اضافہ

 



متھرا/ آواز دی وائس
اُتر پردیش کے شہر متھرا میں 1992 کی بابری مسجد شہادت کی 33ویں برسی کے موقع پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ شہر میں واقع کرشن جنم بھومی – شاہی عیدگاہ مسجد کے علاقے کو ہائی سکیورٹی زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ایک سینئر افسر کے مطابق، شہر کے مختلف مقامات پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے اور فورس کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے مکمل الرٹ پر ہے۔
 گفتگو میں متھرا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (کرائم) اوینیش مشرا نے کہا کہ "جس شخص کے پاس درست شناختی کارڈ نہیں ہے یا جسے داخلے کی اجازت نہیں، اس کی مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے۔ فورس مکمل الرٹ پر ہے۔ پچھلے سالوں کی طرح مناسب فورس تعینات کی گئی ہے... مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے۔ موصول ہونے والی تمام معلومات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ ہاں، ٹریفک چل رہا ہے۔ اسکول کے بچے اسکول جا رہے ہیں۔ ہر چیز بالکل معمول کے مطابق ہے۔ اس وقت کوئی ٹریفک ڈائیورژن نہیں ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شلوک کمار نے بتایا کہ اہم مقامات پر فلیگ مارچ کیے جا رہے ہیں اور حساس پوائنٹس پر سخت نگرانی اور چیکنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماریاں 6 دسمبر کی تیاریاں مکمل ہیں۔ مناسب پولیس فورس تعینات کی گئی ہے، جن میں مقامی پولیس، بیرونی فورسز، پی اے سی اور آر اے ایف شامل ہیں۔ اہم مقامات پر فلیگ مارچ ہو رہے ہیں۔ ایریا ڈومینیشن جاری ہے۔ اہم پوائنٹس اور مرکزی راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ عوامی نمائندوں، ہوٹلز، سرائے، ریستورانوں، بس اسٹیشنوں اور ریلوے اسٹیشنوں میں بھی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ گاڑیوں کی بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رینڈم چیکنگ بھی جاری ہے... سوشل میڈیا کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے... تقریباً 150 افراد کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے، اور کوئی بھی عمل جو امن و قانون کے خلاف ہو، برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایودھیا اور اُتر پردیش کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں اور گاڑیوں و شناختی دستاویزات کی سخت چیکنگ جاری ہے۔ وارانسی میں بابری مسجد کی شہادت کی برسی کے موقع پر شری کاشی وشوناتھ مندر میں بھی سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
بابری مسجد 6 دسمبر 1992 کو ایودھیا میں بڑی تعداد میں موجود ’کارسیوکوں‘ کے ہاتھوں شہید کر دی گئی تھی۔ اس واقعے کے بعد ایودھیا میں کئی مسلمان گھروں کو لوٹا گیا، آگ لگائی گئی اور تباہ کیا گیا۔ ملک کے مختلف حصوں میں فسادات پھوٹ پڑے، جن میں ہزار سے زائد افراد جان سے گئے۔