لکھنؤ
اتر پردیش میں بڑھتی ہوئی گرمی کے درمیان بجلی کے بحران کو لے کر سماجوادی پارٹی (سپا) اور بہوجن سماج پارٹی (بسپا) نے جمعہ کو ریاست کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا اور عوامی مفاد میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بجلی کی کمی اور پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مبینہ ناکامی پر حکومت پر طنز کیا۔یادو نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ نئے بجلی گھر لگانا تو آپ کے بس کی بات نہیں تھی، نہ ہی آپ کی محدود سوچ میں یہ بات تھی۔ کم از کم زبان سے ہی کہہ دیتے۔ کم از کم آپ ’3660 سپر کریٹیکل تھرمل پاور پلانٹ‘ کا نام ہی لے لیتے، اسے سن کر ہی شدید گرمی سے پریشان لوگوں کو کچھ سکون مل جاتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نئے بجلی گھروں کے قیام میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی کی بدانتظامی میں اتر پردیش میں صرف بجلی کی ’مانگ‘ بڑھ رہی ہے یا ’قیمتیں‘ بڑھ رہی ہیں، لیکن سپلائی نہیں بڑھ رہی۔ بی جے پی راج میں اتر پردیش بدحال ہو چکا ہے۔
بسپا سربراہ مایاوتی نے بھی شدید گرمی کے دوران ناکافی بجلی فراہمی اور بار بار بجلی کٹوتی پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ کم بجلی سپلائی اور مسلسل لوڈشیڈنگ نے غریبوں، متوسط طبقے، کسانوں، چھوٹے تاجروں اور دیگر محنت کش طبقوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔مایاوتی نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری اقدامات کرکے عوام کو درپیش مشکلات دور کی جائیں اور مستقبل میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے نئے بجلی گھروں کے قیام سمیت ضروری اقدامات کیے جائیں۔
دونوں اپوزیشن جماعتوں نے اس مسئلے کو وسیع عوامی مفاد کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوامی مشکلات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اس کا مستقل حل یقینی بنانا چاہیے۔