لکھنؤ (اتر پردیش) :روس کی حکومت نے لکھنؤ کے منو شریواستو کی اس اپیل پر ہمدردانہ ردِعمل ظاہر کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے 21 سالہ بیٹے انش شریواستو کی جان بچانے کے لیے روس میں تیار کی جانے والی کینسر ویکسین کا ٹرائل اس پر کرنے کی درخواست کی تھی۔ انش کینسر کا مریض ہے۔
منو شریواستو نے ANI کو بتایا کہ روس کی تیار کردہ کینسر ویکسین ہندوستان میں دستیاب نہیں، اسی لیے انہوں نے روسی حکومت سے اپیل کی کہ یہ ویکسین ان کے بیٹے پر آزمائی جائے۔
انہوں نے کہا، "میں نے درخواست اس لیے کی کیونکہ میرے بیٹے کو یہاں اسٹیج فور کینسر ہے۔ علاج تو چل رہا ہے، لیکن ڈاکٹروں کی طرف سے کوئی واضح یقین دہانی نہیں مل رہی تھی۔ جب مجھے پتا چلا کہ روس میں ایک ویکسین تیار ہوئی ہے جو کینسر کے علاج میں مؤثر ثابت ہو رہی ہے، تو میں نے ہندوستان اور روس — دونوں حکومتوں کو خط لکھا۔ جواب آیا کہ میری درخواست زیرِ غور ہے اور روسی حکومت نے اسے اپنے وزارتِ صحت کو بھیج دیا ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا، "ہم نے بھارتی حکومت کو بھی لکھا تھا۔ وہاں سے جواب آیا کہ یہ ویکسین فی الحال صرف روس میں بن رہی ہے اور اسی ملک میں آزمائی جا رہی ہے۔ ابھی تک کسی دوسرے ملک کو اس کے ٹرائل کی اجازت نہیں ملی۔"
منو شریواستو نے وزیر اعظم نریندر مودی، یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر صحت، اور روس و جنوبی کوریا کے اعلیٰ حکام کو بھی خط لکھ کر درخواست کی کہ ان کے بیٹے انش کو روس میں تیار کی جانے والی کینسر ویکسین کے ٹرائل میں شامل کیا جائے۔
ان کی اپیل کے جواب میں 27 اکتوبر کو روسی حکومت کی طرف سے ایک سرکاری خط موصول ہوا ہے۔
روس کی اس کینسر ویکسین نے پری کلینیکل ٹرائل کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔ روسی فیڈرل میڈیکل اینڈ بایولوجیکل ایجنسی (FMBA) کی سربراہ ویروںیکا سکوورتسووا نے مشرقی اقتصادی فورم میں بتایا تھا کہ ویکسین محفوظ اور انتہائی مؤثر پائی گئی ہے۔
ان کے مطابق، جانچ میں یہ دیکھا گیا کہ ویکسین نے tumor کو 60 سے 80 فیصد تک کم کیا، بیماری کی رفتار کو سست کیا، اور مریضوں کی بقا کے امکانات میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔