یمنا ایکسپریس وے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 19 ہوگئی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-12-2025
یمنا ایکسپریس وے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 19 ہوگئی
یمنا ایکسپریس وے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 19 ہوگئی

 



متھرا/ آواز دی وائس
متھرا کے ضلع مجسٹریٹ سی پی سنگھ نے تصدیق کی ہے کہ جمنا ایکسپریس وے پر پیش آنے والے متعدد گاڑیوں کے تصادم کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 19 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمنا ایکسپریس وے اتھارٹی اور ریاستی حکومت نے آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
سی پی سنگھ نے بتایا کہ 16 دسمبر کو پیش آنے والے دلخراش جمنا ایکسپریس وے حادثے میں 19 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ چار لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ باقی لاشوں کے لیے ڈی این اے نمونے لیے گئے ہیں۔ اس حادثے میں تقریباً 90 افراد زخمی ہوئے تھے۔ زیادہ تر زخمیوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ چھ افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اتر پردیش حکومت نے ہدایات جاری کی ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو قافلے کی شکل میں چلنا چاہیے۔ اگر حدِ نظر کم ہو تو گاڑیوں کو روک دیا جائے۔ ریاستی حکومت نے کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ روڈ سیفٹی آڈٹ کرایا گیا ہے۔ چار رکنی ٹیم، جس میں جمنا ایکسپریس وے اتھارٹی کے افسران شامل ہیں، اس واقعے کی جانچ کر رہی ہے۔ رفتار کی حد کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ڈرائیور کی ذمہ داری ہے۔
اس سے قبل منگل کو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے متھرا ضلع میں جمنا ایکسپریس وے پر پیش آنے والے تباہ کن حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی فوری مالی امداد دینے کی ہدایت دی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور حکام کو ہدایت دی کہ تمام زخمیوں کو فوری، مناسب اور مفت طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ہر ممکن مدد دی جائے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ  نے متھرا ضلع میں پیش آنے والے سڑک حادثے کا نوٹس لیا اور جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کے لیے فوری، مناسب اور مفت علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی، ساتھ ہی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہلِ خانہ کو فی کس 2-2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 50-50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے متاثرین کے لیے فوری امدادی و ریسکیو کارروائیوں اور طبی سہولتوں کی سخت نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی منگل کو اس المناک حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور وزیر اعظم قومی امدادی فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے متاثرین کے لیے ایکس گریشیا امداد کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم کے دفتر کے سرکاری ایکس ہینڈل پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ متھرا میں جمنا ایکسپریس وے پر حادثے کے باعث جانی نقصان نہایت تکلیف دہ ہے۔ میری تعزیت اُن لوگوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو پی ایم این آر ایف سے فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ حادثہ منگل کی علی الصبح تقریباً 4:30 بجے پیش آیا، جب جمنا ایکسپریس وے پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی۔ کئی بسیں اور چھوٹی گاڑیاں اس حادثے کی زد میں آئیں، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور شدید مالی تباہی ہوئی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے متھرا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شلوک کمار نے بتایا کہ اس واقعے میں بڑی تعداد میں گاڑیاں شامل تھیں اور تصادم کے بعد لگنے والی آگ کے باعث شدید نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بڑا اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 8 بسیں اور 3 چھوٹی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور بعد میں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔ کئی لاشیں موقع سے برآمد کر کے پوسٹ مارٹم ہاؤس بھیجی گئیں، جبکہ کچھ لوگوں کو بچا لیا گیا اور دیگر کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ایس ایس پی کمار نے مزید بتایا کہ ریسکیو اور شناخت کا عمل جاری ہے۔موقع سے ملنے والا ملبہ اور دیگر باقیات مردہ خانے بھیجی گئیں، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیموں نے ان کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد 13 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی تھی، جن میں سے 3 لاشوں کی شناخت ہو چکی تھی۔ باقی لاشیں مکمل یا جزوی طور پر جھلس چکی ہیں، جن کی شناخت ڈی این اے جانچ کے ذریعے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام قانونی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔'پنچنامہ' اور پوسٹ مارٹم کے عمل معیاری طریقۂ کار کے مطابق جاری ہیں۔ تمام لاشوں کی باعزت آخری رسومات کو یقینی بنایا جائے گا۔ شناخت شدہ لاشوں کے اہلِ خانہ سے رابطہ قائم ہے اور لاشیں ان کے حوالے کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس واقعے کے حالات کی مکمل جانچ کے لیے ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شناخت شدہ لاشوں میں ایک گونڈا سے، ایک پریاگ راج سے اور ایک کسی اور مقام سے ہے، اور ان کے اہلِ خانہ پہنچ رہے ہیں۔ ہم مسلسل ان سے رابطے میں ہیں۔