لکھی مپور کھیری ۔ اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے روز مصطفیٰ آباد گاؤں میں منعقدہ اسمرتتی پرکٹ یو تسو میلہ 2025 میں شرکت کے دوران اعلان کیا کہ وہ اس گاؤں کا نام کبیر دھام رکھنے کی تجویز پیش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس گاؤں کا تعلق سنت کبیر داس کی تاریخی اور ثقافتی وراثت سے ہے۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی لوگوں نے انہیں بتایا کہ مصطفیٰ آباد میں کوئی مسلمان آبادی نہیں ہے۔ اس پر انہوں نے کہا کہ جب یہاں کوئی مسلمان نہیں رہتا تو اس گاؤں کا نام کبیر دھام ہونا چاہئے۔ ہم اس کی اصل شناخت بحال کرنے کی تجویز لائیں گے۔
کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ثقافتی شناختوں کو بگاڑا۔ انہوں نے ایودھیا کو فیض آباد، پریاگ راج کو الہ آباد اور کبیر دھام کو مصطفیٰ آباد بنا دیا تھا۔ جب ہماری حکومت آئی تو ہم نے ان جگہوں کے اصلی نام واپس دیے۔یہ تقریب لکھی مپور کھیری ضلع میں منعقد ہوئی جس میں سنت کبیر کی وراثت اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ گاؤں کا نام کبیر دھام رکھنے کی تجویز ان کی 15ویں صدی کی روحانی اور ثقافتی خدمات کے احترام میں پیش کی گئی۔اس سے پہلے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ میں اپنے سرکاری رہائش گاہ پر عوامی شکایات سننے کے لیے جنتا درشن کا اہتمام کیا۔
اتوار کے روز یوگی آدتیہ ناتھ نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ اس کے بعد انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا سے بھی ملاقات کی۔وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایکس پر لکھا کہ آج نئی دہلی میں محترم مرکزی وزیر داخلہ و تعاون جناب امیت شاہ جی سے ملاقات کی گئی اور ان کی رہنمائی حاصل ہوئی۔ قیمتی وقت دینے پر دلی شکریہ۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آج نئی دہلی میں محترم قومی صدر و مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا جی سے ملاقات ہوئی۔ قیمتی وقت دینے پر آپ کا شکریہ۔وزیراعلیٰ نے ضلع انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کے ساتھ گڑھ گنگا میلہ 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں بھی جائزہ میٹنگ کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ثقافتی پروگراموں میں کسی قسم کے فحش گانے نہ بجائے جائیں