یوپی: سرکاری زمین پر بنائے گئے غیر قانونی مزار پر بلڈوزر چلاتے ہوئے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-06-2026
یوپی: سرکاری زمین پر بنائے گئے غیر قانونی مزار پر بلڈوزر چلاتے ہوئے
یوپی: سرکاری زمین پر بنائے گئے غیر قانونی مزار پر بلڈوزر چلاتے ہوئے

 



سنبھل 
اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں انتظامیہ نے جمعہ کے روز سرکاری زمین پر مبینہ طور پر قبضہ کرکے تعمیر کی گئی ایک مزار کو منہدم کر کے زمین کو قبضے سے آزاد کرا لیا۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔حکام کے مطابق، گنّور تحصیل کے باغاؤ گاؤں میں واقع "کھیرے والے بابا چمن شاہ بابا درگاہ شریف مزار" کے حوالے سے محکمۂ مال کو سرکاری زمین پر تجاوزات کی شکایت موصول ہوئی تھی۔
لیکھ پال کی رپورٹ کی بنیاد پر گرام سبھا باغاؤ کی جانب سے گاؤں کے رہائشی عزیز کے خلاف 18 اپریل 2026 کو اتر پردیش ریونیو کوڈ 2006 کی دفعہ 67 کے تحت تحصیلدار عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔
عدالت نے سماعت کے بعد قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بے دخلی کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے خلاف عزیز نے ضلع مجسٹریٹ کی عدالت میں اپیل دائر کی، تاہم یہ اپیل 3 جون کو مسترد کر دی گئی۔
ضلع مجسٹریٹ انکیت کھنڈیلوال نے بتایا کہ یہ عوامی زمین پر تجاوزات کا معاملہ تھا۔ تحصیلدار عدالت نے قبضے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ اپیل کی سماعت کے دوران متعلقہ فریق کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا، جس کے بعد حتمی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو ہٹا دیا گیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ کرشن کمار بشنوئی نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق "لینڈ بینک" تصور کے تحت سرکاری زمینوں کو تجاوزات سے آزاد کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں اب تک تقریباً 100 ہیکٹر سرکاری زمین کو تجاوزات سے پاک کرایا جا چکا ہے۔کارروائی کے دوران مناسب تعداد میں پولیس اہلکار تعینات رہے۔دوسری جانب مزار کے متولی عزیز نے دعویٰ کیا کہ یہ مزار 500 سے 600 سال پرانی ہے اور آس پاس کے دیہات کے لوگ یہاں آتے رہے ہیں۔
گنّور کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ وکاس چندر نے بتایا کہ متعلقہ زمین پر تقریباً پانچ سال قبل قبضہ کر کے تعمیرات کی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم کے بعد جمعہ کے روز تعمیرات کو ہٹا کر زمین کو قبضے سے آزاد کرا لیا گیا۔