نئی دہلی
مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ نے 'عالمی یومِ کھیل صحافت' کے موقع پر تمام کھیل صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں "ہندوستان کے کھیلوں کے سفر کا اہم شراکت دار" قرار دیا۔ جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر منسکھ مانڈویہ نے کھیل صحافت سے وابستہ افراد کو "دل کی گہرائیوں سے" مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی "محنت، لگن اور پیشہ ورانہ دیانت داری ہندوستان کے کھیلوں کے نظام کو مسلسل مضبوط بنا رہی ہے۔
منسکھ مانڈویہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کھیل صحافی ہندوستان کے کھیلوں کے سفر میں اہم شراکت دار ہیں۔ وہ کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں، نئی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں اور کھلاڑیوں کی آئندہ نسل کو تحریک دیتے ہیں۔ عالمی یومِ کھیل صحافت کے موقع پر میں پورے کھیل میڈیا برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ دیانت داری ہندوستان کے کھیلوں کے نظام کو مسلسل مضبوط کر رہی ہے۔ عالمی یومِ کھیل صحافت کی نیک تمنائیں!۔
کھیلوں سے متعلق خبریں جمع کرنے، ان کی رپورٹنگ کرنے اور تحریر کرنے والے کھیل صحافیوں کی خدمات اور کوششوں کے اعتراف میں ہر سال 2 جولائی کو 'عالمی یومِ کھیل صحافت' منایا جاتا ہے۔