کولکتہ/ آواز دی وائس
مغربی بنگال کے ضلع نادیا میں بدھ کی رات مرکزی وزیرِ مملکت اور مغربی بنگال کے بی جے پی صدر سکانت مجمدار کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ضلع نادیا میں دو پروگراموں میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ بی جے پی لیڈر نے الزام لگایا ہے کہ یہ حملہ ’’مقامی ٹی ایم سی کارکنوں‘‘ کی جانب سے کیا گیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مجمدار کا قافلہ رات تقریباً نو بجے نوَدوِیپ بس اسٹینڈ سے گزر رہا تھا۔ مغربی بنگال کے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جب ان کا قافلہ نوَدوِیپ بس اسٹینڈ علاقے سے گزر رہا تھا، تب ہنگامہ ہوا۔ ہم واقعے کی جانچ کر رہے ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اصل میں ہوا کیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکانت مجمدار نے کہا کہ آج نادیا میں ہمارے دو پروگرام تھے۔ ایک تھا جگدھاتری پوجا وسرجن، اور دوسرا نادیا میں راس میلے کے دوران پولیس کی من مانی کے خلاف تھانے کا گھیراؤ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ احتجاج کے بعد میرا دوسرا پروگرام تھا — راس اتسو میں ایک کتابی اسٹال کا افتتاح۔ جب میرا قافلہ نوَدوِیپ علاقے سے گزر رہا تھا تو ہماری دو گاڑیاں پیچھے رہ گئیں اور بس اسٹینڈ پر مڑنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اسی دوران مقامی ٹی ایم سی کارکنوں نے ان گاڑیوں پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ ہمارے کم از کم دو رہنما زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ مغربی بنگال میں بی جے پی رہنماؤں پر مبینہ طور پر ہونے والے لگاتار چوتھے حملے کا واقعہ ہے۔ یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب کچھ ہفتے قبل ریاستی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شُبھندو ادھیکاری کے قافلے پر ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی خواتین کارکنوں نے مبینہ طور پر حملہ کیا تھا، جب وہ ضلع جنوبی 24 پرگنہ کے رایدیگی میں کالی پوجا کا افتتاح کرنے جا رہے تھے۔ 18 اکتوبر کو دارجلنگ سے بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ راجو بستہ کے قافلے پر بھی شمالی بنگال کے سُکھیا پوکھری کے قریب مبینہ طور پر حملہ کیا گیا۔ بستہ نے دعویٰ کیا کہ نامعلوم شرپسندوں نے ان کے قافلے پر پتھراؤ کیا، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔
اسی طرح 7 اکتوبر کو ضلع جلپائی گوڑی کے سیلاب متاثرہ علاقے ناگرکٹا کے دورے کے دوران بی جے پی رکنِ پارلیمنٹ خاگین مرمو اور بی جے پی رکنِ اسمبلی شنکر گھوش پر بھی ہجوم نے حملہ کر دیا۔ مبینہ طور پر ان کی گاڑی میں توڑ پھوڑ کی گئی، جس کے نتیجے میں مرمو شدید زخمی ہو گئے۔