نئی دہلی
مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور جارج کورین نے راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر اپنی مدت مکمل ہونے کے بعد مرکزی وزراء کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حالیہ راجیہ سبھا انتخابات میں انہیں دوبارہ امیدوار نہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
راشٹرپتی بھون نے منگل کے روز بتایا کہ صدر دروپدی مرمو نے جارج کورین کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔
جارج کورین ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری امور کی وزارت میں مرکزی وزیر مملکت کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے تھے۔سرکاری بیان کے مطابق صدر دروپدی مرمو نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مشورے پر مرکزی وزراء کونسل سے جارج کورین کا استعفیٰ فوری طور پر قبول کر لیا ہے۔
جارج کورین غالباً مرکزی حکومت میں واحد ایسے وزیر تھے جو عیسائی برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ راجیہ سبھا میں ان کی مدتِ رکنیت 21 جون کو ختم ہو گئی تھی۔حال ہی میں 18 جون کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے دو مرکزی وزراء، روَنیت سنگھ بٹو اور جارج کورین کو دوبارہ امیدوار نہیں بنایا گیا تھا۔