جے پی نڈا نے آر جے ڈی پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-10-2025
جے پی نڈا نے آر جے ڈی پر تنقید کی
جے پی نڈا نے آر جے ڈی پر تنقید کی

 



وَیشالی/ آواز دی وائس 

جمعرات کے روز مرکزی وزیر اور حکمراں جماعت بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بہار اسمبلی انتخابات (جو 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے) سے قبل راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لالو پرساد یادو کے دورِ حکومت کو ’’جنگل راج‘‘ اور ’’انارکی‘‘ کا زمانہ قرار دیا۔ بہار کے حاجی پور میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ لالو یادو کے تحت 15 سال کا ایک ایسا دور آیا جس نے بہار کو پستی میں دھکیل دیا۔ اُس نے ریاست میں جنگل راج اور انارکی پیدا کی، قانون و نظام کو تباہ کر دیا… آج تیجسوی یادو نقل مکانی (ہجرت) کی بات کرتے ہیں… آپ لوگوں کو شرم آنی چاہیے، بہار کے عوام سے معافی مانگنی چاہیے کیونکہ آپ ہی کی وجہ سے بہار کے لوگ روزگار کے لیے اپنے گھروں سے باہر گئے، اور آج آپ اسی ہجرت پر بحث کر رہے ہیں۔

اس سے قبل بی جے پی کے رکن پارلیمان روی کِشن نے پیش گوئی کی کہ این ڈی اے اتحاد آنے والے بہار اسمبلی انتخابات میں 170 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گا۔

انہوں نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے 170 سے زیادہ سیٹیں جیتے گا۔ یہ ایک تاریخی اور غیر معمولی کامیابی ہوگی۔ اسی دوران، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سابق کانگریس صدر سیتا رام کیسری کو ان کی برسی پر یاد کرتے ہوئے کانگریس قیادت پر الزام عائد کیا کہ اس نے انہیں ذلیل و رسوا کیا تھا۔

وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ ملک کبھی نہیں بھولے گا کہ کس طرح کانگریس خاندان نے بہار سے تعلق رکھنے والے سیتا رام کیسری کی توہین کی۔ اُنہیں مبینہ طور پر غسل خانے میں بند کر کے پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح کانگریس اپنی خاندانی سیاست کے لیے دلت اور پسماندہ طبقے کے رہنماؤں کو پسِ پشت ڈال دیتی ہے۔

بیگوسرائے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ آج سابق کانگریس صدر سیتا رام کیسری کی برسی ہے۔ ملک کبھی نہیں بھولے گا کہ کانگریس خاندان نے ان کے ساتھ کیا سلوک کیا تھا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح یہ جماعت دلتوں اور پسماندہ طبقے کے حقوق چھیننے کے لیے کسی حد تک جا سکتی ہے۔ ان لوگوں کے لیے صرف اُن کا اپنا خاندان ہی سب کچھ ہے۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ سیتا رام کیسری بہار کا فخر تھے۔ کانگریس خاندان نے انہیں ان کے گھر کے غسل خانے میں بند کر دیا، پھر انہیں گھر سے اٹھا کر فٹ پاتھ پر پھینک دیا۔ یہاں تک کہ ان سے کانگریس صدر کا عہدہ بھی چھین لیا گیا۔

بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج 14 نومبر کو اعلان کیے جائیں گے۔