امت شاہ نے دہلی میں 'رن فار یونٹی' کو جھنڈی دکھائی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-10-2025
امت شاہ نے دہلی میں 'رن فار یونٹی' کو جھنڈی دکھائی
امت شاہ نے دہلی میں 'رن فار یونٹی' کو جھنڈی دکھائی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
یومِ قومی اتحاد (رشٹریہ ایکتا دیوس) کے موقع پر جمعہ کے روز وزیرِ داخلہ امت شاہ نے دہلی کے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے "رن فار یونٹی" کو روانہ کیا۔ یہ دن ہندوستان کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یومِ پیدائش کے احترام میں منایا جاتا ہے۔
رن فار یونٹی" کے موقع پر وزیرِ داخلہ نے سردار پٹیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جدید ہندوستان، سردار پٹیل کے وژن اور ان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے سردار پٹیل کے عزم کو پورا کیا ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے بعد برطانوی حکومت نے ملک کو 562 ریاستوں میں تقسیم شدہ حالت میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔۔۔ لیکن سردار پٹیل نے نہایت مختصر مدت میں ان تمام 562 ریاستوں کو متحد کر کے وہ عظیم کارنامہ انجام دیا، جس کے نتیجے میں آج کا جدید ہندوستان وجود میں آیا۔ کشمیر کو ہندوستان کے ساتھ جوڑ کر اور آرٹیکل 370 کو ختم کر کے وزیرِ اعظم مودی نے سردار پٹیل کے عزم کو مکمل کیا۔
وزیرِ داخلہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے پر پھول بھی چڑھائے۔ ایکس  پر اپنے پیغام میں امت شاہ نے سردار پٹیل کی کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف زندگی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ان کی یومِ پیدائش کے موقع پر، میں لوہے کے مرد، قومی اتحاد، سالمیت اور کسانوں کے بااختیار بننے کی علامت سردار ولبھ بھائی پٹیل جی کو ایک شکر گزار قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ سردار صاحب نے ریاستوں کو یکجا کر کے ملک کی وحدت اور سلامتی کو مضبوط کیا اور کسانوں، پسماندہ طبقات اور محروموں کو کوآپریٹو تحریک سے جوڑ کر ملک کو خود روزگاری اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن کیا۔ ان کا پختہ یقین تھا کہ ملک کی ترقی کی بنیاد کسانوں کی خوشحالی میں مضمر ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی کسانوں کی فلاح اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کر دی۔ یہ ہر محبِ وطن کا فرض ہے کہ وہ اس ہندوستان کی حفاظت کرے جو سردار صاحب نے انصاف اور اتحاد کے اصولوں پر تعمیر کیا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی گجرات کے ایکتا نگر میں واقع "اسٹیچو آف یونٹی" پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ہندوستان کے اتحاد کا معمار قرار دیا۔سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر ان کے اعزاز میں ایک خصوصی سکّہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔