نئی دہلی/ آواز دی وائس
وفاقی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی بھوپندر یادو نے نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں دہلی-این سی آر خطے کو مزید سرسبز بنانے کے لیے جاری شجرکاری کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ معلومات وزارت کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں دی گئی ہیں۔
بدھ کے روز منعقدہ اس اجلاس میں سیکریٹری ، وزارت کے دیگر سینئر افسران اور ہریانہ، دہلی کے این سی ٹی، راجستھان اور اتر پردیش کے پرنسپل چیف کنزرویٹرز آف فاریسٹ نے شرکت کی۔ پریس ریلیز کے مطابق، اجلاس کا محور سائنسی منصوبہ بندی, عوامی شمولیت, اور محکمانہ ہم آہنگی پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے این سی آر میں سبزہ بڑھانے پر رہا۔
اس مقصد کے لیے اضلاع کی سطح پر جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے گا، جس میں دیہی اور شہری دونوں علاقوں کو شامل کیا جائے گا۔ اس میں جنگلاتی زمین کے ساتھ ساتھ دوسری سرکاری زمینیں بھی شامل ہوں گی، اور شہری اداروں کے زیرِ انتظام زمینوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیر نے 2026-27 کے لیے شجرکاری کے مقامات کی نشاندہی کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور این سی آر کی ریاستوں کو تفصیلی ضلع وار منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے اس منصوبہ بندی میں درج ذیل نکات شامل کرنے پر زور دیا
مجموعی جنگلاتی رقبے، محفوظ علاقوں، چڑیا گھروں (موجودہ اور مجوزہ)، کمیونٹی جنگلات اور ریونیو جنگلات کی نشاندہی
ناگر ونس/نامو پارکس (مجوزہ اور منظور شدہ)
بگڑی ہوئی جنگلاتی زمین کا نقشہ
دریاؤں، آبی ذخائر، ویٹ لینڈز اور رمسار مقامات کے کیچمنٹ علاقے
مختلف اتھارٹیز کے زیرِ انتظام عوامی جگہیں، بشمول ریونیو لینڈ، پنچایتی راج ادارے اور شہری بلدیاتی ادارے
موجودہ نباتات کی کوالٹی اور متعلقہ انتظامی ایجنسیوں کی بنیاد پر علاقوں کی درجہ بندی
شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں نرسریوں کا ڈیٹا
مختلف ایجنسیوں کے وسائل میں ہم آہنگی
بھویندر یادو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ این سی آر کے تمام ایکو کلبز کی نشاندہی اور میپنگ کی جائے تاکہ وہ آگاہی مہمات، شجرکاری اور دیکھ بھال کے کاموں میں فعال حصہ لے سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میکانِ تاریخِ قدرت اور اس کے علاقائی مراکز کو بھی ان سرگرمیوں میں شامل کیا جانا چاہیے۔
ریاستوں کو ہدایت کی گئی کہ موجودہ تمام نرسریوں کی میپنگ کر کے ان کی پیداواری صلاحیت کا اندازہ لگائیں اور مستقبل کی شجرکاری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ان میں بہتری لانے کی حکمت عملی تیار کریں۔
ریلیز کے مطابق، اس ڈیٹا کی بنیاد پر ریاستوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ تفصیلی مکانی تجزیہ کریں گی، شجرکاری کے لیے موزوں علاقوں کی نشاندہی کریں گی، شجرکاری کی اقسام طے کریں گی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرتے ہوئے ضلع وار عملدرآمدی منصوبے تیار کریں گی۔ وفاقی وزیر نے ریاستوں سے یہ بھی کہا کہ وہ موجودہ جنگلاتی اور جنگلی حیات کے انتظامی منصوبوں کا جائزہ لیں، عدالتوں کی ہدایات کو بھی شامل کریں، اور آئندہ پانچ سال کے لیے مائیکرو پلان تیار کریں، جس میں شامل ہوں
ہر سال کے لیے شجرکاری کے مقامات
عمل درآمد کرنے والی ایجنسیاں
عوامی شمولیت کے مواقع
پریس ریلیز کے مطابق وزیر نے اس بات کی اہمیت اجاگر کی کہ مائیکرو پلان میں وہ تمام محکمے اور وزارتیں شامل ہونی چاہئیں جن کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے، تاکہ شجرکاری کے اقدامات مؤثر طریقے سے مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے تمام اضلاع میں جاری عدالتی مقدمات کی فہرست تیار کرنے اور ان میں درپیش رکاوٹوں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی۔
بھویندر یادو نے وزارت کے افسران کو ہدایت دی کہ ریاستوں کے مائیکرو پلانز کو یکجا کرتے ہوئے نیشنل کیپیٹل ریجن کے لیے پانچ سالہ گریننگ پلان تیار کریں۔ اس مربوط منصوبے کی بنیاد پر ہم آہنگ اقدامات شروع کیے جائیں گے، جو کہ دیگر فوائد کے علاوہ کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ کی نگرانی میں جاری شجرکاری کوششوں کو بھی تقویت دیں گے۔
انہوں نے فاریسٹ سروے آف انڈیا سے کہا کہ وہ ریاستوں کو بگڑی ہوئی جنگلاتی زمین اور ایسے علاقوں کا ڈیٹا فراہم کریں جو انویسیو اسپیشیز سے متاثر ہیں، تاکہ انہیں ریاستی منصوبہ بندی میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستیں بگڑی ہوئی جنگلاتی زمین کو گرین کریڈٹ پروگرام پورٹل پر شامل کریں، تاکہ عوام، نجی ادارے اور دیگر فریقین ماحولیاتی بحالی کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔
آخر میں، بھوپندر یادو نے کہا کہ سائنسی منصوبہ بندی، ٹیکنالوجی کے استعمال اور ہم آہنگی پر مبنی ضلع وار سرسبز حکمتِ عملی دہلی اور این سی آر کی ماحولیاتی سلامتی اور طویل المدتی فضائی معیار کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق، اس سلسلے میں اگلا اجلاس جلد منعقد ہوگا، جس میں ریاستی حکومتوں اور حکومتِ دہلی کے اب تک کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔