نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز صنعت کے شعبے سے اپیل کی کہ وہ سرمایہ کاری اور اختراع کے ساتھ آگے آئیں، جبکہ مالیاتی اداروں سے کہا کہ وہ عملی حل فراہم کرنے اور مارکیٹ میں اعتماد کو مضبوط بنانے میں تعاون کریں۔
بجٹ کے بعد منعقدہ ایک “ویبینار” سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جب حکومت، صنعت اور علم و تحقیق سے وابستہ افراد ایک ساتھ آتے ہیں تو اصلاحات نتائج میں بدلتی ہیں اور کاغذ پر کی گئی اعلانات زمینی سطح پر کامیابیوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ایک دہائی میں بنیادی ڈھانچے پر خاص توجہ دی ہے۔ گیارہ سال قبل عوامی سرمایہ جاتی اخراجات دو لاکھ کروڑ روپے تھے، جو بڑھ کر مرکزی بجٹ 2026-27 میں 12 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سرمایہ جاتی اخراجات میں یہ بڑا اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ نجی شعبہ نئے جوش و جذبے کے ساتھ آگے بڑھے۔ انہوں نے صنعت سے اپیل کی کہ وہ 2026-27 کے بجٹ میں کیے گئے تمام اعلانات سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔
انہوں نے کہا كہ ہندوستانی کمپنیوں کو نئی سرمایہ کاری اور اختراع کے ساتھ آگے آنا چاہیے۔ مالیاتی اداروں کو عملی حل تیار کرنے اور مارکیٹ کے اعتماد کو بڑھانے میں تعاون کرنا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں ہندوستان نے غیر معمولی مضبوطی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ اتفاقاً نہیں بلکہ مضبوط اعتماد پر مبنی اصلاحات کا نتیجہ ہے۔ حکومت نے طریقۂ کار کو بھی آسان بنایا ہے اور کاروبار میں سہولت کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے۔
انہوں نے تجویز دی كہ ہمیں ایک واضح ‘ریفارم پارٹنرشپ چارٹر’ تیار کرنا چاہیے، جس میں حکومت، صنعت، مالیاتی اداروں اور ماہرینِ تعلیم کے درمیان تعاون شامل ہو۔ یہ چارٹر 2047 تک ‘ترقی یافتہ ہندوستان’ بننے کے ہدف کے حصول کی سمت ایک اہم دستاویز ثابت ہوگا۔