یو این جی اے کی صدر نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-04-2026
یو این جی اے کی صدر نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا
یو این جی اے کی صدر نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا

 



نئی دہلی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی  کی صدر انالینا بیئربوک نے منگل کے روز قومی دارالحکومت میں راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کے ساتھ ہی اُن کے دو روزہ سرکاری دورۂ ہندوستان کا آغاز ہوا۔
وزارتِ خارجہ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، "باپو کے لازوال نظریات کو خراجِ تحسین۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر محترمہ انالینا بیئربوک نے آج راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کر کے اپنے دورۂ ہندوستان کا آغاز کیا۔
یو این جی اے کی صدر پیر کے روز نئی دہلی پہنچیں، جہاں وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی دعوت پر آئیں۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ "اقوام متحدہ کے ساتھ ہندوستان کی مضبوط وابستگی کی دوبارہ توثیق کرتا ہے۔
بیئربوک آج ایس جے شنکر کے ساتھ اعلیٰ سطحی بات چیت کریں گی، جس میں "باہمی دلچسپی کے اہم کثیر الجہتی امور" پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزارت کے مطابق، اُن کے پروگرام میں وزارتِ الیکٹرانکس و آئی ٹی  کے نمائندوں کے ساتھ ایک خصوصی سیشن بھی شامل ہے، جس میں مصنوعی ذہانت کی گورننس اور ضابطہ کاری پر گفتگو ہوگی۔
یو این جی اے کی صدر ہندوستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم سے بھی ملاقات کریں گی، جس کی قیادت ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اسٹیفن پریسنر کر رہے ہیں۔ یہ دورہ اس سال اقوام متحدہ کی دوسری بڑی سرگرمی ہے، اس سے قبل فروری میں سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس "اے آئی امپیکٹ سمٹ" میں شرکت کے لیے ہندوستان آئے تھے۔
اگرچہ جنرل اسمبلی کی صدر کے طور پر یہ بیئربوک کا پہلا دورہ ہے، تاہم وہ اس سے قبل جرمنی کی وزیر خارجہ کی حیثیت سے بھی ہندوستان آ چکی ہیں۔ اپنے 2022 کے دورے کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ بلاشبہ، ہندوستان 21ویں صدی کے عالمی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا، چاہے وہ انڈو پیسیفک خطہ ہو یا اس سے آگے۔
انہوں نے ہندوستان کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ گزشتہ 15 برسوں میں 40 کروڑ افراد کو انتہائی غربت سے نکالنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کثرتیت، آزادی اور جمہوریت اقتصادی ترقی، امن اور استحکام کے بنیادی عوامل ہیں۔
یو این جی اے کی صدر اپنے ہندوستانی دورے کے اختتام کے بعد چین روانہ ہوں گی۔