نئی دہلی: مرکزی وزیرِ تعاون امت شاہ نے ہفتہ کے روز الزام عائد کیا کہ بعض نجی ٹرانسپورٹ سروس کمپنیاں تعاونی موبیلٹی پلیٹ فارم 'بھارت ٹیکسی' کو بازار سے باہر کرنے کے لیے خسارے میں خدمات فراہم کر رہی ہیں اور کرایوں میں غیر معمولی کمی کرکے غیر منصفانہ مسابقت کا سہارا لے رہی ہیں۔
امت شاہ نے اعلان کیا کہ 'بھارت ٹیکسی' آئندہ دو برسوں میں ملک کے 500 سے زائد شہروں تک اپنی خدمات پہنچائے گی۔ گجرات میں 'بھارت ٹیکسی' کے باضابطہ آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سروس کے کرایے زیادہ ہونے سے متعلق خبریں گمراہ کن ہیں۔
انہوں نے احمد آباد، سورت، دوارکا، وڈودرا، راجکوٹ، سومناتھ، ولساڈ، آنند، جام نگر، بھاؤ نگر، جوناگڑھ، مہسانہ اور امریلی سمیت گجرات کے 14 اہم شہروں میں 'بھارت ٹیکسی' سروس کا افتتاح کیا۔ امت شاہ نے کہا: "آج مجھے کچھ فون آئے اور بعض اخبارات میں یہ خبر شائع ہوئی کہ بھارت ٹیکسی کا کرایہ زیادہ ہے۔ میں ملک بھر کے صارفین کو بتانا چاہتا ہوں کہ جہاں بھی بھارت ٹیکسی اپنی خدمات شروع کر رہی ہے، وہاں مقابل کمپنیوں نے اپنے کرائے کم کر دیے ہیں اور وہ خسارہ برداشت کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
" انہوں نے کہا: "اس مسابقت میں ہمارا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔ کرایے کم کرنا اور 'سارتھیوں' (ڈرائیوروں) کو زیادہ کمیشن دینا صرف اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ بھارت ٹیکسی کو بازار میں جگہ بنانے سے روکا جا سکے۔" امت شاہ کے مطابق، بعض کمپنیاں غیر منصفانہ مسابقت اختیار کرتے ہوئے جان بوجھ کر خسارے میں کام کر رہی ہیں تاکہ 'بھارت ٹیکسی' کو بازار سے باہر کیا جا سکے۔