زیلنسکی نے ٹرمپ سے اپیل کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-02-2026
زیلنسکی نے ٹرمپ سے اپیل کی
زیلنسکی نے ٹرمپ سے اپیل کی

 



کیف
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس ہفتے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک نہایت اہم اور فیصلہ کن اپیل کی۔ انہوں نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ امریکا کو یوکرین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہنا چاہیے، کیونکہ روس کے خلاف جاری جنگ پانچویں سال میں داخل ہو چکی ہے اور روسی حملے کو چار سال مکمل ہونے والے ہیں۔
کیف میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران زیلنسکی کے بیانات میں مایوسی اور فوری ضرورت دونوں جھلکتی ہیں، کیونکہ امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور کیف اپنے مغربی اتحادیوں سے مزید مضبوط ضمانتوں کا خواہاں ہے۔
کیف کے صدارتی محل میں زیلنسکی نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ “ہمارے ساتھ کھڑے رہیں”۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، جو ایک جمہوری ملک ہے اور ایک شخص کے خلاف کھڑا ہے، اس تنازع کے نتیجے پر گہرا اثر رکھتا ہے۔
زیلنسکی نے کہا كہ انہیں ایک جمہوری ملک کے ساتھ رہنا ہوگا جو ایک شخص کے خلاف لڑ رہا ہے، کیونکہ وہ شخص خود جنگ ہے۔ پوتن ہی جنگ ہے۔ سب کچھ ایک ہی شخص کے گرد گھومتا ہے۔ اس کا پورا ملک ایک قید خانے میں بدل چکا ہے۔زیلنسکی نے امریکا کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوتن پر دباؤ کو ناکافی قرار دیا تاکہ جنگ کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے واشنگٹن کی ان تجاویز کو بھی مسترد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ علاقہ چھوڑنے یا انتخابات کرانے سے لڑائی کم ہو سکتی ہے۔ زیلنسکی نے واضح کیا کہ مشرقی دونیتسک کا علاقہ چھوڑ دینا، جہاں تقریباً دو لاکھ شہری آباد ہیں، وہاں کے عوام کو تنہا چھوڑنے کے مترادف ہوگا اور یوکرین کے دفاع کو کمزور کرے گا۔
انہوں نے کہا كہ روس چاہتا ہے کہ ہم اپنی فوج واپس بلا لیں۔ ہم اتنے ناسمجھ نہیں ہو سکتے۔ ہم بچے نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی امن معاہدے میں مزید علاقہ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ منگل کے روز زیلنسکی نے اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ روس کی جانب سے یوکرین پر مکمل حملے کو چار سال مکمل ہو گئے ہیں، اور کہا کہ کیف نے اپنی خودمختاری کو محفوظ رکھا اور ماسکو کے ابتدائی مقاصد کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے ایک پیغام میں کہا كہ آج چار سال مکمل ہو گئے ہیں جب پوتن نے کیف پر تین دن میں قبضہ کرنے کی کوشش شروع کی تھی۔ یہ ہماری مزاحمت اور اس جدوجہد کی بڑی گواہی ہے جو یوکرین نے اس پورے عرصے میں کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا كہ ان الفاظ کے پیچھے ہمارے لاکھوں عوام، بے مثال حوصلہ، انتھک محنت، صبر اور وہ طویل راستہ ہے جس پر یوکرین چوبیس فروری سے گامزن ہے۔ جنگ کے سفر پر غور کرتے ہوئے یوکرینی صدر نے کہا کہ طویل اور تباہ کن جنگ کے باوجود ملک نے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا ہے۔
انہوں نے کہا كہ جب ہم ابتدا کو دیکھتے ہیں اور آج پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں پورا حق ہے کہ کہیں: ہم نے اپنی آزادی کا دفاع کیا، ہم نے اپنی ریاست کو بچایا؛ پوتن اپنے مقاصد میں ناکام رہا۔ اس نے یوکرینی عوام کو توڑا نہیں، اور وہ یہ جنگ نہیں جیت سکا۔
زیلنسکی نے آخر میں کہا کہ یوکرین ایک منصفانہ امن کے لیے پُرعزم ہے۔ہم نے یوکرین کو بچایا ہے، اور ہم امن اور انصاف کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ یوکرین زندہ باد۔