یوکرین: سومی میں پھنسے 694 ہندوستانی طلباء کا انخلا مکمل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-03-2022
یوکرین: سومی میں پھنسے 694 ہندوستانی طلباء کا انخلا مکمل
یوکرین: سومی میں پھنسے 694 ہندوستانی طلباء کا انخلا مکمل

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

یوکرین کے شہر سومی میں پھنسے 694 ہندوستانی طلباء کو بچا لیا گیا ہے۔ یہ تمام طلباء ہندوستانی سفارت خانے کی بسوں کے ذریعے پولٹاوا پہنچے۔ مرکزی وزیر ہردیپ پوری نے اس کی جانکاری دی۔ خاص بات یہ ہے کہ انڈین مشن نے غیر ملکی طلباء کو بھی سومی سے بچایا۔ اس کے ساتھ ہی یوکرین میں ہندوستانی طلباء کا ریسکیو مشن تقریباً مکمل ہو گیا ہے۔

اس سے قبل ایک خصوصی پرواز یوکرین سے 200 ہندوستانی طلباء کو رومانیہ کے سوسیوا سے دہلی لے گئی۔ آج ایک اور فلائٹ سوسیوا سے آئے گی۔ یوکرین سے واپس آنے والے ایک طالب علم نے کہا کہ جب ہم بس میں سفر کر رہے تھے تو کوئی بم دھماکہ نہیں ہوا۔ حکومت اور سفارت خانے نے ہماری بہت مدد کی، ہم واپس آ کر بہت خوش ہیں۔ یوکرین میں پھنسے تقریباً 20 ہزار ہندوستانیوں میں سے تقریباً 17,400 لوگوں کو ہوائی جہاز سے ہندوستان پہنچایا گیا ہے۔ یوکرین کے پڑوسی ممالک سے ہندوستانیوں کو لانے کے مشن کو آپریشن گنگا کا نام دیا گیا ہے۔

اس میں سے ہنگری اور پولینڈ سے ائیر لفٹ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ فضائیہ نے بھی آپریشن گنگا میں حصہ لیا۔ فضائیہ کی C-17 گلوب ماسٹر کی 10 پروازوں سے 2056 مسافروں کو واپس لایا گیا۔

یہاں ہنگری کی یونیورسٹیوں نے یوکرین سے اپنی پڑھائی ادھوری چھوڑنے والے طلباء کو ریلیف کی پیشکش کی ہے۔ ہنگری نے ہندوستان، نائیجیریا اور دیگر افریقی ممالک کے طلباء سے کہا ہے کہ وہ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں اپنی تعلیم جاری رکھیں۔