یوکرین بحران : ہندوستانی طلبا کی دہلی واپسی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-02-2022
یوکرین بحران : ہندوستانی طلبا کی دہلی واپسی
یوکرین بحران : ہندوستانی طلبا کی دہلی واپسی

 



 

آواز دی وائس : نئی دہلی

یوکرین پر روس کے حملے کے تیسرے دن ایئر انڈیا کی دوسری پرواز وہاں پھنسے 250 ہندوستانیوں کو لے کر صبح 3 بجے دہلی پہنچی۔ ان طلباء کو پہلے یوکرین سے رومانیہ کے بخارسٹ بھیجا گیا جہاں سے انہیں ہندوستان لایا گیا۔

شہری ہوا بازی کے وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے خود ان طلباء کا استقبال کیا۔ اس سے قبل ایئر انڈیا کا طیارہ اے آئی-1943 219 ہندوستانی طلباء کو لے کر ہفتہ کی رات 8 بجے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا تھا۔

طیارے نے دوپہر میں بخارسٹ، رومانیہ سے اڑان بھری۔ ممبئی ایئرپورٹ پر ان کے لیے ایک خصوصی کوریڈور بنایا گیا تھا۔

یہاں سے نکلنے کے لیے، طلباء نے کووڈ-19 ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ یا کورونا کی منفی رپورٹ دکھائی۔ ایئرپورٹ پر ہی کورونا ٹیسٹ کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ دوسری طرف، بخارسٹ، رومانیہ سے ایئر انڈیا کی ایک اور پرواز 250 طلباء کے ساتھ رات 9.30 بجے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

دوسری جانب وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ ہماری ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ میں ذاتی طور پر اس کی نگرانی کر رہا ہوں۔ اسی وقت، رومانیہ میں ہندوستانی سفیر راہول سریواستو نے کہا - ہندوستان کی حکومت یوکرین میں پھنسے ہر شخص کو ہندوستان لانے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔

 ہمارا یہ مشن اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک آخری شخص کو نہیں بچا لیا جاتا۔ آپ سب 26 فروری کا یہ دن اپنی زندگی میں ہمیشہ یاد رکھیں۔