ممبئی
ذرائع کے مطابق، سابق بمبئی ہائی کورٹ کے جج جسٹس گوتم پٹیل اور ان کے اہلِ خانہ کو موصول ہونے والی دھمکیوں کی شکایات کے بعد برطانیہ کی پولیس نے انہیں سکیورٹی فراہم کر دی ہے۔ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ ہندوستان کے چیف جسٹس سوریا کانت، جو اس وقت سرکاری دورے پر برطانیہ میں موجود ہیں، نے یہ معاملہ برطانیہ میں ہندوستانی ہائی کمشنر پی کمارن کے سامنے اٹھایا۔
یہ ملاقات اس انکشاف کے چند روز بعد ہوئی جب جسٹس گوتم پٹیل نے بتایا تھا کہ لندن میں ان کی بیٹی کی رہائش گاہ پر ایک دھمکی آمیز خط پہنچایا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق، یہ دھمکیاں جسٹس پٹیل کے 2024 کے ایک اہم فیصلے سے متعلق ہیں، جو داؤدی بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا سیدنا کی جانشینی اور مذہبی منصب کے حق سے وابستہ مقدمے پر دیا گیا تھا۔ تقریباً دس لاکھ افراد پر مشتمل اس برادری کے اس معاملے پر دیا گیا فیصلہ خاصی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ یہ مقدمہ اس وقت بھی اپیل کی سطح پر زیرِ سماعت ہے۔
جسٹس گوتم پٹیل نے حال ہی میں یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ گزشتہ دس ماہ کے دوران ان کے خاندان کو متعدد گمنام خطوط موصول ہوئے ہیں، جن میں مختلف نوعیت کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
اس معاملے کے بعد برطانوی حکام نے سکیورٹی کے مناسب انتظامات کرتے ہوئے جسٹس پٹیل اور ان کے اہلِ خانہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔