احمد آباد
برطانیہ کی ہائی کمشنر لنڈی کیمرون نے جمعہ کو ایئر انڈیا کی پرواز اےآئی-171 کے المناک حادثے کی پہلی برسی کے موقع پر متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گجرات میں اس موقع پر غم و اندوہ کی فضا دیکھنے میں آئی اور حادثے میں جان گنوانے والوں کو یاد کیا گیا۔یہ سفارتی خراجِ عقیدت اُس ہولناک فضائی حادثے کی یاد میں پیش کیا گیا جو 12 جون 2025 کو پیش آیا تھا۔
ایئر انڈیا کی بدقسمت پرواز اےآئی-171، جو احمد آباد سے لندن گیٹ وِک جا رہی تھی، ٹیک آف کے محض 32 سیکنڈ بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانگی کے فوراً بعد قریبی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
اس سانحے میں مجموعی طور پر 260 افراد ہلاک ہوئے، جو خطے کی تاریخ کے بدترین فضائی حادثات میں شمار کیا جاتا ہے۔ہلاک ہونے والوں میں طیارے میں سوار 229 مسافر اور 12 عملے کے ارکان شامل تھے، جبکہ طیارہ گرنے کے نتیجے میں زمین پر موجود 19 افراد بھی جان کی بازی ہار گئے تھے۔
برسی کے موقع پر ایئر انڈیا نے جمعرات کو بتایا کہ اےآئی-171 حادثے سے متاثرہ بیشتر خاندانوں کو عبوری معاوضے کی ادائیگی مکمل کر دی گئی ہے۔ ایئر لائن ذرائع کے مطابق، ایئر انڈیا نے فوری مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر متوفی کے خاندان کو 25 لاکھ روپے (21 ہزار برطانوی پاؤنڈ) بطور عبوری معاوضہ فراہم کیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 96 فیصد متوفیان کے خاندانوں کو عبوری معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے۔ باقی معاملات میں یا تو دستاویزات نامکمل ہیں یا خاندانی تنازعات موجود ہیں۔ایئر لائن نے زمین پر زخمی ہونے والے افراد کو بھی مالی امداد فراہم کی ہے۔ کمپنی کے مطابق، زمین پر زخمی ہونے والے 94 فیصد افراد کو یا تو مکمل اور حتمی معاوضہ دیا جا چکا ہے یا عبوری معاوضہ ادا کیا گیا ہے، جس کا تعین چوٹ کی نوعیت اور روزگار کے نقصان کی بنیاد پر کیا گیا۔
ایئر انڈیا نے واضح کیا کہ حتمی معاوضے کی ادائیگی کا عمل بھی جاری ہے اور کمپنی متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہے۔ ذرائع کے مطابق خاندانوں پر کسی مخصوص مدت کے اندر معاوضہ قبول کرنے کا کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا۔
قانونی عمل کے ساتھ ساتھ ٹاٹا گروپ نے بھی اےآئی-171 میموریل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے ذریعے متاثرین کی مدد جاری رکھی ہوئی ہے۔ ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندر شیکرن نے تمام متوفیان کے خاندانوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کی خصوصی مالی امداد کا اعلان کیا تھا، جو قانونی معاوضے سے الگ ہے۔ایئر انڈیا کے مطابق اب تک 91 فیصد خاندانوں کو یہ ایک کروڑ روپے کی امداد فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ باقی کیسز دستاویزی مسائل یا ادائیگی قبول نہ کرنے کی وجہ سے زیر التوا ہیں۔
متاثرین کی ذاتی اشیاء واپس کرنے کے عمل کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ایئر لائن کے مطابق 22 ہزار سے زائد ذاتی اشیاء کو انتہائی احتیاط کے ساتھ محفوظ اور دستاویزی شکل دی گئی۔
خاندانوں کو ای میل کے ذریعے اشیاء کی تفصیلات فراہم کی گئیں اور اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ویب سائٹ بھی قائم کی گئی۔ ایئر انڈیا نے بتایا کہ 187 متوفیان سے منسلک اشیاء کی واپسی کا عمل جاری رہا، جن میں سے 139 افراد کے اہل خانہ کو ہندوستان اور برطانیہ میں سامان واپس کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح 77 ایسے متوفیان کی اشیاء بھی واپس کی گئیں جن کی شناخت براہِ راست ممکن نہیں تھی، جن میں سے 60 خاندانوں نے سامان وصول کر لیا جبکہ 15 خاندانوں نے ذاتی اشیاء لینے سے انکار کر دیا۔
حادثے کے مقام سے 25 ڈیجیٹل آلات بھی برآمد ہوئے تھے، جن میں سے 16 متعلقہ خاندانوں کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی کیسز دستاویزات یا دیگر وجوہات کی بنا پر زیر التوا ہیں۔ایئر انڈیا نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد ٹاٹا گروپ کی 17 کمپنیوں کے 500 سے زائد رضاکار امدادی کاموں میں شامل ہوئے تھے، جن میں 130 افراد ایئر انڈیا کے ملازمین تھے۔
ہر متاثرہ خاندان کے لیے ایک تربیت یافتہ معاون مقرر کیا گیا تھا جو 24 گھنٹے مدد فراہم کرتا رہا۔ احمد آباد میں ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا جس نے دو ماہ سے زائد عرصے تک خاندانوں کو دستاویزی اور قانونی معاملات میں مدد فراہم کی۔
کمپنی ذرائع کے مطابق حادثے کے چند گھنٹوں کے اندر ٹاٹا گروپ کی قیادت احمد آباد پہنچ گئی تھی اور مختلف کمپنیوں کے سربراہان نے ہندوستان اور برطانیہ میں متاثرہ 165 خاندانوں میں سے 152 سے ملاقات کر کے تعزیت اور تعاون کا اظہار کیا۔
دریں اثنا، اس سانحے کے انسانی پہلو آج بھی متاثرہ خاندانوں کے لیے دردناک یاد بنے ہوئے ہیں۔ حادثے میں اپنے بیٹے ہرشیت پٹیل اور بہو پوجا پٹیل کو کھونے والے انیل کمار پٹیل نے آخری ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اُس دن صبح تقریباً 9 بجے اپنے بیٹے اور بہو کو ہوائی اڈے پر چھوڑا تھا۔ دوپہر ایک بجے بورڈنگ کے بعد میری ان سے ویڈیو کال پر بات ہوئی، اور یہی میری ان سے آخری گفتگو تھی۔ میں آج بھی انہیں بہت یاد کرتا ہوں۔ حکومت نے ہماری مدد کی اور مجھے ایئر لائن سے معاوضہ بھی ملا، لیکن میری خواہش ہے کہ ایسا حادثہ دوبارہ کبھی پیش نہ آئے۔ حکومت کو فضائی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔ ہم انصاف چاہتے ہیں۔
اس حادثے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی جاں بحق ہونے والی نمایاں شخصیات میں شامل تھے۔اب جبکہ حادثے کی پہلی برسی گزر چکی ہے، توجہ حادثے کی وجوہات جاننے پر مرکوز ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات اپنے آخری مرحلے میں ہیں اور حتمی رپورٹ جلد جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
ایئر انڈیا نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ متاثرہ خاندان چاہیں تو حتمی تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار کر سکتے ہیں اور اس کے بعد معاوضے کے بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں، جبکہ بعض خاندان پہلے ہی حتمی تصفیے پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔