اجین: ای رکشا ڈرائیوروں سے بھتہ وصولی کا ملزم گرفتار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-07-2026
اجین: ای رکشا ڈرائیوروں سے بھتہ وصولی کا ملزم گرفتار
اجین: ای رکشا ڈرائیوروں سے بھتہ وصولی کا ملزم گرفتار

 



اجین
مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں سائبر بھتہ خوری کا ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں شرپسند عناصر ایک پائریٹڈ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے ای رکشاؤں کو دور سے ہی بند کر کے ڈرائیوروں سے بھتہ وصول کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق، ملزمان بلوٹوتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے چلتی ہوئی ای رکشاؤں کو ہیک کرکے ان کی بجلی کی فراہمی معطل کر دیتے تھے اور پھر انہیں دوبارہ فعال کرنے کے لیے رقم طلب کرتے تھے۔
اجین پولیس نے شہر بھر میں ای رکشاؤں کی ہیکنگ سے متعلق شکایات سامنے آنے کے بعد فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر کے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
یہ سائبر حملہ 'بی اے ٹی-بی ایم ایس'  نامی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے کیا جا رہا تھا، جو ای رکشاؤں کے ڈیجیٹل بیٹری مینجمنٹ سسٹم (بی ایم ایس) تک رسائی حاصل کر کے دوران سفر ان کی بجلی کی سپلائی منقطع کر دیتی تھی۔
نیل گنگا پولیس اسٹیشن کے انچارج ترون کوریل نے واردات کے طریقہ کار کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس گینگ کا انکشاف لوٹی تیراہا علاقے میں پیش آنے والے بھتہ خوری کے ایک واقعے کے بعد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ لوٹی تیراہا میں ایک آٹو رکشا ڈرائیور کی گاڑی اچانک بند ہو گئی تھی اور ایک نوجوان نے اسے ٹھیک کرنے کے بہانے 200 روپے وصول کیے۔ جب ہم نے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ شہر میں ای رکشاؤں کو دور سے بند کیا جا رہا ہے، خاص طور پر ان کی بیٹریوں کو موبائل ایپ کے ذریعے غیر فعال کیا جا رہا ہے۔ کچھ شرپسند اس ایپ کا استعمال کر کے گاڑیوں کو روک دیتے ہیں اور پھر انہیں دوبارہ چلانے کے لیے رقم طلب کرتے ہیں۔
کوریل نے مزید کہا کہ ہم نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ملزم کو گزشتہ روز حراست میں لیا گیا تھا اور آج اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے اس نوعیت کے متعدد واقعات کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ اجین ٹریفک پولیس اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مقامی پولیس الیکٹرک گاڑیوں کے ڈیلرز کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات پر کام کر رہی ہے، تاکہ ای رکشا مالکان مستند اور مجاز سافٹ ویئر انسٹال کر سکیں، جو سگنل میں مداخلت کی صورت میں سسٹم کو دوبارہ فعال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
اس معاملے کے تکنیکی اور قانونی پہلوؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے قانونی ماہرین نے اسے ایک معمولی دھوکہ دہی یا مقامی مسئلے کے بجائے ایک سنگین قانونی جرم قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی کمیشن برائے سائبر سکیورٹی قانون کے چیئرمین پون دگل نے کہا کہ جدید الیکٹرک تجارتی ٹرانسپورٹ سخت ڈیجیٹل قوانین کے دائرے میں آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ایک ای رکشا صرف ای رکشا نہیں ہے، بلکہ ایک کمپیوٹر سسٹم ہے، اور اگر وہ ڈیجیٹل نظام کے تحت کام کر رہا ہے تو اس میں میموری فنکشنز بھی موجود ہوتے ہیں۔ میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ یہ کوئی کھیل نہیں، بلکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعہ 66 اور دفعہ 43 کے تحت ایک جرم ہے، کیونکہ یہ ایک ایسی سرگرمی ہے جو دھوکہ دہی یا بددیانتی کے ساتھ انجام دی جاتی ہے، جس میں لوگ مالک کی اجازت یا علم کے بغیر ای رکشا کے کمپیوٹر سسٹم میں داخل ہو جاتے ہیں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت، گاڑیوں کے سافٹ ویئر تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے اور اس میں ردوبدل کرنے کے جرم میں قصوروار پائے جانے والے افراد کو تین سال تک قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ حکام کے مطابق، پائریٹڈ ایپ کی فراہمی اور اس میں ترمیم کرنے والے نیٹ ورک کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔