اودے پور قتل : غیر اسلامی اور غیر انسانی ۔مہذب سماج کے لیے ناقابل قبول:علما و دانشور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2022
اودے پور قتل : غیر اسلامی اور غیر انسانی ۔ مہذب سماج کے لیے ناقابل قبول:مسلم  دانشور
اودے پور قتل : غیر اسلامی اور غیر انسانی ۔ مہذب سماج کے لیے ناقابل قبول:مسلم دانشور

 

 

 آواز دی وائس : نئی دہلی

اودے پور سانحہ نے ملک بھر میں غم و غصہ کے ساتھ افسوس کی لہر پیدا کردی ہے۔ اس واقعہ نے ہر کسی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ مسلم لیڈران اور تنظیموں کے ساتھ  علما اور دانشور بھی اس کی مدمت کررہے ہیں ۔ 

شاہی جامع مسجد دہلی کے امام سید احمد بخاری نے بدھ کو اودے پور میں درزی کنہیا لال کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انسانیت کو صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ریاض اور غوث نامی دو افراد کے ہاتھوں کنہیا لال نامی ایک شخص کو قتل کرنے کا غیر انسانی واقعہ اور وہ بھی حضورؐ کے نام پر، نہ صرف بزدلانہ فعل ہے بلکہ اسلام کے خلاف، غیر قانونی اور غیر انسانی فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں، اپنی اور ہندوستان کے مسلمانوں کی طرف سے، دل سے اس فعل کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے۔ 'اللہ کے نبی کی زندگی ہمدردی، رواداری، سخاوت اور انسانیت کی بہت سی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس وحشیانہ فعل کا ارتکاب کرنے والے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور کردار کا مطالعہ کرتے اور قرآن اور شریعت کی روح سے بخوبی واقف ہوتے تو وہ اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب نہ کرتے۔

نوید حامد  نے کی مذمت

مسلم تنظیموں نے کنہیا لال کا بہیمانہ سر قلم کرنے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسے کبھی بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔  مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے کہا، ’’ادے پور میں خوفناک سر قلم کرنا اسلام مخالف اور نفرت انگیز جرم کا کھلا معاملہ ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی پوری زندگی میں کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔ جو لوگ عشق رسول کی وجہ سے جرائم میں ملوث ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں وہ مجرم ہیں اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔

تسلیم رحمانی نے کہا ناقابل قبول

مسلم پولیٹیکل کونسل آف انڈیا کے بانی صدر تسلیم احمد رحمانی نے اودے پور میں سر قلم کرنے کے واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ کچھ طاقتیں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان تنازعہ پیدا کرنا چاہتی ہیں، ہمیں ایسی طاقتوں کے مذموم عزائم کو شکست دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

یاد رہے کہ رحمانی جنہوں نے ٹائمز ناؤ کی بحث کو چھوڑ دیا اور بحث کے دوران نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ہونے والے ریمارکس پر اعتراض کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ "اسلام واضح طور پر کہتا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے، لوگوں کو رسول اللہ کی زندگی سے رواداری کی قدر سیکھنی چاہیے۔ قرآن پاک کہتا ہے کہ جب تک انسانیت باقی ہے نبی کی زندگی کو ہر ایک کے لیے نمونہ عمل ہونا چاہیے۔''

نصیر الدین چشتی نے کہا ’انتہائی افسوسناک‘۔

مذہب کے نام پر تشدد قابل قبول نہیں: سید نصیر الدین چشتی آل انڈیا صوفی سجادہ نشیں پریشد کے صدر سید نصیر الدین چشتی نے کہا کہ اودے پور میں کنہیا لال کا ہولناک قتل انتہائی افسوسناک اور لرزہ خیز ہے۔ مذہب کے نام پر کسی بھی قسم کا تشدد اور اس طرح کا گھناؤنا جرم قطعی طور پر قابل قبول نہیں ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں بربریت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم اس ظالمانہ فعل کی مذمت کرتے ہیں۔ مجرم کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ امن کی بہت ضرورت ہے، ہم لوگوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔ ملک کو ایک ساتھ مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔