پوری رتھ یاترا میں دم گھٹنے سے دو اموات،سوافراد داخل اسپتال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2026
پوری رتھ یاترا میں دم گھٹنے سے  دو اموات،سوافراد داخل اسپتال
پوری رتھ یاترا میں دم گھٹنے سے دو اموات،سوافراد داخل اسپتال

 



پوری: اڈیشہ کے مشہور پوری رتھ یاترا کے دوران شدید بھیڑ کے باعث دم گھٹنے جیسے حالات پیدا ہوگئے، جس کے نتیجے میں دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ متعدد افراد بے ہوش اور زخمی ہوگئے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، ایک خاتون کی موت بھیڑ میں دم گھٹنے سے ہوئی، جبکہ ایک 35 سالہ نوجوان دل کا دورہ پڑنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

زخمیوں اور طبیعت خراب ہونے والے کئی افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بھگدڑ نہیں مچی تھی بلکہ غیر معمولی بھیڑ کی وجہ سے خاتون عقیدت مند کا دم گھٹ گیا، جبکہ کئی دیگر افراد کی طبیعت بھی بگڑ گئی۔ الگ واقعے میں ایک نوجوان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ متوفی نوجوان کی شناخت انیل داس، ساکن کیونجھر، کے طور پر ہوئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ گرینڈ روڈ (بڑا ڈنڈا) پر ماریچی کوٹ چوک کے قریب پولیس بیریکیڈ سے تقریباً 100 فٹ دور شدید بھیڑ میں سانس لینے میں دشواری کے بعد گر پڑے۔ انہیں فوری طور پر پوری کے ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھگوان جگن ناتھ، بھگوان بل بھدر اور دیوی سبھدرا کی رتھ یاترا کے درشن کے لیے گرینڈ روڈ پر لاکھوں عقیدت مند موجود تھے۔

حکام نے اب تک اس صورتحال پر تفصیلی بیان جاری نہیں کیا جس سے بھگدڑ جیسے حالات پیدا ہوئے۔ اڈیشہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وائی بی کھرانیا نے بتایا کہ یاترا کے لیے کئی سطحوں پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر 19 آئی پی ایس افسران، تقریباً 13 ہزار پولیس اہلکار اور سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور آر اے ایف سمیت مرکزی نیم فوجی دستوں کی 15 کمپنیاں تعینات کی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ 473 مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس سی سی ٹی وی کیمروں، دو کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، ڈرون جیمر نظام اور مشترکہ بحری گشت کے ذریعے بڑا ڈنڈا اور اس کے اطراف کے علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی تھی۔ بھارتی بحریہ، بھارتی کوسٹ گارڈ اور اڈیشہ پولیس کی میرین پولیس بھی مشترکہ گشت پر مامور تھی، جبکہ فوری کارروائی کے لیے خصوصی دستے (QRT) بھی تعینات کیے گئے تھے۔