بھوپال
سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے منگل کو تویشا شرما کے شوہر سمرتھ سنگھ اور ساس، سابق ضلعی جج گیری بالا سنگھ کو مبینہ جہیز ہراسانی اور موت کے معاملے میں پانچ روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد بھوپال کی عدالت میں پیش کیا۔سی بی آئی کی ایک ٹیم دونوں ملزمان کو عدالت لے کر پہنچی۔ ان کا پولیس ریمانڈ پیر کو ختم ہو گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق تفتیشی ایجنسی نے مزید ریمانڈ کی درخواست نہیں کی، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں کو عدالتی تحویل میں بھیجا جا سکتا ہے۔
یہ معاملہ 33 سالہ تویشا شرما کی موت سے متعلق ہے، جو نوئیڈا کی رہائشی تھیں اور 12 مئی کو بھوپال میں انتقال کر گئی تھیں۔ تویشا کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ دسمبر 2025 میں سمرتھ سنگھ سے شادی کے بعد انہیں شوہر اور سسرال والوں کی جانب سے ذہنی اذیت اور جہیز کے لیے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔
سی بی آئی ان الزامات کی تفصیلی تحقیقات کر رہی ہے۔ پیر کے روز ایجنسی کے افسران گیری بالا سنگھ کی رہائش گاہ پہنچے اور تفتیش کے حصے کے طور پر جائے وقوعہ کی ازسرِ نو تشکیل (ریکنسٹرکشن) کی۔
تفتیش کاروں نے ایک فرضی انسانی جسم (ڈمی) کی مدد سے واقعے کی ترتیب کو دوبارہ ترتیب دیا اور دونوں ملزمان کی موجودگی میں شواہد جمع کیے۔اس سے قبل بھوپال ضلع عدالت نے سی بی آئی کو سمرتھ سنگھ اور گیری بالا سنگھ سے پوچھ گچھ کے لیے پانچ روزہ تحویل دی تھی۔ خصوصی جج شوبھنا بھالاوے نے یہ حکم جاری کیا تھا تاکہ ایجنسی ملزمان سے تفتیش اور شواہد کی جانچ کر سکے۔
اس کیس نے عوامی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی ہے اور تویشا شرما کے خاندان کی حمایت میں مختلف مقامات پر احتجاج بھی کیے جا رہے ہیں۔اتوار کو نوئیڈا میں مرحومہ کو انصاف دلانے کے مطالبے کے ساتھ ایک خاموش احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔احتجاج کے دوران تویشا کے بھائی میجر ہرشیت شرما نے تحقیقات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اب صرف تویشا تک محدود نہیں رہا۔ ہم آج یہاں اپنی یکجہتی کے اظہار کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ بہت سے لوگ ہماری حمایت کے لیے آگے آئے ہیں۔ ہمیں مکمل یقین ہے کہ سچ سامنے آئے گا۔