نئی دہلی
ماڈل سے اداکارہ بننے والی توِشا شرما کی موت کے معاملے میں پولیس نے پیشگی ضمانت پر چل رہی ریٹائرڈ جج گری بالا سنگھ اور ان کے گرفتار بیٹے سمرتھ سنگھ سے تفصیلی پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے پیر کے روز یہ معلومات فراہم کیں۔
پولیس نے اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش ایسے وقت میں شروع کی ہے جب مدھیہ پردیش حکومت نے اس کیس کی سی بی آئی جانچ کی سفارش کی ہے۔ توِشا شرما کی موت کا یہ معاملہ گزشتہ چند دنوں سے خبروں میں نمایاں رہا ہے۔
اصل طور پر نوئیڈا کی رہنے والی توِشا شرما 12 مئی کی رات اپنے سسرال میں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔ ان کے اہلِ خانہ نے شوہر اور سسرال والوں پر جہیز کے لیے ہراسانی اور خودکشی پر اکسانے کا الزام لگایا ہے، جبکہ ملزمان نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تفتیش کار ملزمان سے الگ الگ پوچھ گچھ کر رہے ہیں اور ان کے بیانات کا آپس میں موازنہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گری بالا سنگھ سے پوچھ گچھ کی ہے۔ یہ ایک وقت طلب عمل ہے۔ پولیس حراست میں موجود ان کے بیٹے سمرتھ سنگھ سے بھی تفتیش جاری ہے۔ ایک ملزم کی جانب سے دی گئی معلومات کی دوسرے ملزم کے بیان سے تصدیق کی جا رہی ہے۔افسر کے مطابق تفتیش ابھی جاری ہے اور ابھی تک کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، پولیس حراست میں سمرتھ سنگھ نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ توِشا کے حاملہ ہونے کے بعد دونوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ اب تک یہ معاملہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم تفتیش جاری ہے۔ اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔
پولیس نے ہفتے کے روز سمرتھ سنگھ کی سات دن کی ریمانڈ حاصل کی تھی۔