سری نگر
جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ تمل ناڈو کے گورنر کے پاس ٹی وی کے رہنما وجے کو حکومت بنانے سے روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے، اور انہیں اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔تمل ناڈو کے گورنر راجندر وشواناتھ ارلیکر نے جمعرات کو ٹی وی کے سربراہ وجے کے حکومت بنانے کے دعوے کو مسترد کر دیا تھا، یہ کہتے ہوئے کہ ان کی پارٹی کے پاس مطلوبہ تعداد موجود نہیں ہے۔
تملگا ویٹری کڑگم (ٹی وی کے) تمل ناڈو میں حکومت بنانے کے لیے درکار سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اگرچہ کانگریس کے پانچ اراکینِ اسمبلی نے ٹی وی کے کی حمایت کی پیشکش کی ہے، لیکن 234 رکنی اسمبلی میں وجے کی پارٹی اب بھی 118 کے ہندسے سے پیچھے ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں میں واضح کیا گیا ہے کہ سب سے بڑی پارٹی کو حکومت بنانے کی دعوت دی جانی چاہیے اور پھر اسے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے، اس لیے تمل ناڈو میں صدر راج نافذ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سپریم کورٹ کے فیصلوں کو دیکھیں تو صدر راج کی کوئی ضرورت نہیں بنتی۔ کئی مقدمات میں عدالتِ عظمیٰ نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے بعد سب سے بڑی پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے بلایا جانا چاہیے اور اسے اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے سابق وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپائی کی مثال دیتے ہوئے کہا ko جب واجپائی نے 13 دن کے لیے حکومت بنائی تھی تو اُس وقت صدر نے ان سے پہلے ہی تعداد ثابت کرنے کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔ انہیں حکومت بنانے کی دعوت دی گئی، حکومت 13 دن چلی، اور جب ان کے پاس اکثریت نہیں رہی تو انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بنیاد بنایا جائے تو تمل ناڈو راج بھون کے پاس اس عمل کو روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وجے کو حکومت بنانے کی اجازت دی جانی چاہیے، پھر انہیں اپنی اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا جائے۔ اگر وہ اکثریت ثابت کر دیتے ہیں تو حکومت برقرار رہے گی، ورنہ انہیں استعفیٰ دینا ہوگا۔